انٹرنیشنل

سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظرآگیا؛ کل پہلا روزہ ہوگا

ریاض:(ایجنسیز)17؍فروری: سعودی عرب کے علاقوں سدیر اور تمیر کی رصد گاہوں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے۔ سعودی دیوان شاہی نے سپریم کورٹ کے حوالے سے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں کل (بروز بدھ) رمضان المبارک کا پہلا دن ہوگا۔آج (منگل) عصر کے وقت سدیر اور تمیر میں درجنوں شہری اور ماہرین ہلال کی رویت کے لیے جمع ہوئے تھے۔ العربیہ/الحدث کے نامہ نگار کے مطابق، چاند دیکھنے کے لیے جدید ترین تکنیکی آلات کی مدد بھی لی گئی۔ اگرچہ ماہرین کا کہنا تھا کہ اس بار چاند کی رویت کافی مشکل اور غیر معمولی صورتحال کی حامل تھی، تاہم جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چاند نظر آنے کی تصدیق کر دی گئی۔سعودی عرب کے علاوہ قطر، متحدہ عرب امارات اور یمن نے بھی اعلان کیا ہے کہ ان ممالک میں کل بروز بدھ پہلا روزہ ہوگا۔دوسری جانب انڈونیشیا، ملائیشیا اور برونائی دارالسلام نے اعلان کیا ہے کہ وہاں چاند نظر نہیں آیا، اس لیے ان ممالک میں رمضان کا آغاز جمعرات سے ہوگا۔جبکہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور مراکش میں آج 28 شعبان ہے۔ ان ممالک میں کل (بدھ کی شام) چاند دیکھا جائے گا، جس کے بعد یہ فیصلہ ہوگا کہ وہاں پہلا روزہ 19 فروری بروز جمعرات کو ہوگا یا جمعہ کو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button