ناندیڑ

حاجیوں کے مسائل پرناندیڑکےایم پی رویندر چوہان کی نمائندگی

ناندیڑ :12؍اگست(نامہ نگار)۔سفر حج کے دوران حاجیوں کو پیش آنے والے مسائل کو لے کر ناندیڑ کے رکن پارلیمنٹ رویندر چوہان نے مرکزی اقلیتی امور وزیر کرن رجیجو سے پارلیمنٹ میں ملاقات کرکے انہیں ایک میمورنڈم پیش کیا۔ ایم پی رویندر چوہان نے میمورنڈم میں بتایا کہ ہر سال بھارت سے بڑی تعداد میں عازمین حج مقدس سفر حج کے لئے روانہ ہوتے ہیں ۔حج کے دوران حاجیوں کا قیام مکہ اور مدینہ میں رہتا ہے۔ حج کمیٹی کی جانب سے جانے والے حاجیوں کو پچھلے کچھ سالوں سے مسائل کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ حج کے دوران حاجیوں کو جن عمارتوں میں رہائش فراہم کی جارہی ہے وہاں پر پکوان گھر یعنی کچن کی سہولت نہ ہونے سے حاجیوں کو کافی مشکلات کا سامناکرناپڑرہا ہے۔ سابق میں حج کمیٹی سے جانے والے حاجیوں کے لئے بلڈنگوں میں ہی کچن کی سہولت دستیاب رہتی تھی جہاں پر لوگ اپنے سہولت کے مطابق کھانا بنوالیتے تھے ۔موجودہ صورتحال میں رہائشی بلڈنگ سے کھانے کی ہوٹلیں کافی دور رہنے سے حاجیوں خاص کر خواتین کو بھی مسائل پیش آرہے ہیں۔ لوگوں کو آنے جانے میں وہاں پر کافی وقت صرف ہورہا ہے جس سے ان کی عبادتوں میں بھی خلل ہورہا ہے۔ عازمین حج کے مطالبے کو مد نظر رکھتے ہوئے رکن پارلیمنٹ رویندر چوہان نے مرکزی وزیر کرن رجیجو سے مطالبہ کیا کہ سابق کی طرح بلڈنگوں میں ہی کچن کی سہولت یعنی کھانا بنوانے کی سہولت فراہم کی جائے ۔ اسی طرح حج کے دوران حاجیوں کے لئے مینا سے مکہ اور دیگر مقامات کی آمدورفت کیلئے وہاں گاڑیوں کا مفت نظم کیاجائے ۔ ساتھ ہی حاجیوں کی رہنمائی کے لئے بھارت کی حکومت تجربہ کار افراد کو بطور حج گائیڈ روانہ کرے۔اس موقع پر لاتور کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شیواجی کڑگے بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button