ناندیڑ

ناندیڑ: بجلی کے کھمبے پر کرنٹ لگنے سے 37 سالہ نوجوان جاں بحق،کھڑک پورہ علاقہ سوگوار

ناندیڑ :(حیدرعلی)05؍اگست:شہر کے کھڑک پورہ علاقے میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں بجلی کے کھمبے پر کرنٹ لگنے سے 37 سالہ شعیب عبدالغفار کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ اس دردناک واقعے کے بعد پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق منگل کی رات تقریباً ساڑھے گیارہ سے بارہ بجے کے درمیان کھڑک پورہ علاقے کی بجلی اچانک چلی گئی۔ اس وقت شعیب عبدالغفار اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ گھر پر موجود تھے۔ بجلی جانے کے بعد وہ گھر سے باہر نکلے۔ تقریباً دس سے پندرہ منٹ بعد جب بجلی واپس آئی تو اچانک ان کی چیخ سنائی دی۔آواز سن کر اہلِ خانہ اور مقامی افراد فوراً باہر پہنچے تو دیکھا کہ شعیب گھر کے سامنے موجود بجلی کے کھمبے پر کرنٹ لگنے کی حالت میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی وزیرآباد پولیس، ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے فائر بریگیڈ اہلکار اور متعلقہ محکمے کے افسران موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی شہریوں کی مدد سے انہیں نیچے اتارا گیا، تاہم اس وقت تک ان کا انتقال ہو چکا تھا۔بعد ازاں لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق یہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکا ہے کہ شعیب عبدالغفار آدھی رات کو بجلی کے کھمبے پر کس مقصد سے چڑھے تھے۔ معاملے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ پنچنامہ اور دیگر قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔ بجلی کے نظام اور متعلقہ تکنیکی امور کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔اس افسوسناک حادثے کے بعد کھڑک پورہ علاقے میں سوگ کا ماحول ہے۔ مقامی شہریوں نے بجلی کے نظام کی حفاظت پر سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button