
ناندیڑ (تہلکہ نیوز بیورو): شرومنی اکالی دل کے صدر اور پنجاب کے سابق نائب وزیرِ اعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل پر ناندیڑ میں حملے کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس کی جانب سے جاری پریس نوٹ کے مطابق یہ واقعہ 13 اگست 2026 کو تقریباً دوپہر 1:50 بجے ماتا صاحب گوردوارہ، ناندیڑ میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق سکھبیر سنگھ بادل گوردوارہ ماتا صاحب سے سیڑھیوں کے ذریعے نیچے آ رہے تھے، اسی دوران ایک سکھ سیوادار نے ان پر خنجر سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں بادل کے ہاتھ پر چوٹ آئی۔پولیس نے بتایا کہ بادل کے ساتھ موجود ایس پی یو کے پولیس انسپکٹر سنتوش کیندرے نے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی اور اس دوران ان کے ہاتھ پر بھی زخم آیا۔زخمی سکھبیر سنگھ بادل اور پولیس انسپکٹر سنتوش کیندرے دونوں کو یشوسائی اسپتال، ناندیڑ میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں کی حالت بہتر ہے۔حملہ کرنے والے سیوادار کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔



