ناندیڑ

دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کا حتمی ٹائم ٹیبل جاری

ناندیڑ:(تہلکہ نیوز بیورو) 19 نومبر: مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن نے فروری اور مارچ 2027 میں منعقد ہونے والے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کا حتمی ٹائم ٹیبل جاری کردیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلان کے مطابق بارہویں جماعت (ایچ ایس سی) اور دسویں جماعت (ایس ایس سی) کے تحریری اور عملی امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا ہے۔بورڈ کے مطابق بارہویں جماعت کے تحریری امتحانات 8 فروری سے 18 مارچ 2027 تک منعقد ہوں گے، جبکہ عملی، زبانی، داخلی جائزہ اور گریڈ کے امتحانات 20 جنوری سے 6 فروری 2027 تک لیے جائیں گے۔اسی طرح دسویں جماعت کے تحریری امتحانات 15 فروری سے 15 مارچ 2027 تک منعقد ہوں گے۔ دسویں جماعت کے عملی، زبانی، داخلی جائزہ اور گریڈ کے امتحانات 28 جنوری سے 13 فروری 2027 تک لیے جائیں گے۔بورڈ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی ٹائم ٹیبل مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ www.mahahsscboard.in پر دستیاب کرایا گیا ہے۔بورڈ کے سکریٹری ڈاکٹر دیپک مالی نے طلبہ، والدین اور اسکول و کالج انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ امتحانات کی تاریخوں کا نوٹ لیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ویب سائٹ پر دستیاب ٹائم ٹیبل صرف معلومات کے لیے ہے۔ امتحانات سے قبل متعلقہ اسکولوں اور جونیئر کالجوں کو فراہم کیا جانے والا مطبوعہ ٹائم ٹیبل ہی حتمی تصور کیا جائے گا۔انہوں نے طلبہ کو خبردار کیا کہ وہ واٹس ایپ یا دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہونے والے غیر مصدقہ ٹائم ٹیبل پر بھروسہ نہ کریں اور امتحانات میں شرکت سے قبل اپنے اسکول یا کالج سے مطبوعہ ٹائم ٹیبل کے ذریعے تاریخوں کی تصدیق ضرور کرلیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!