مضامین

اسلام کانظام میراث-(۱۳)

ایک اعتراض کا جائزہ
اسلام کے نظام میراث پر ایک بڑا اعتراض یہ کیاجاتاہے کہ اس نے میراث میں عورتوں کا حصہ مردوں کے مقابلہ میں آدھا رکھا ہے، مثلاً لڑکے لڑکیوں اور بھائی بہنوں میں لڑکوں اور بھائیوں کا حصہ لڑکیوں اور بہنوں کے مقابلہ میں دوگنا رکھاگیاہے۔ اسی طرح شوہر کا حصہ بیوی کے مقابلہ میں دوہرا رکھا گیاہے۔ معترضین کے خیال میں اسلامی قانون میراث کے اس حکم پر عورت کے بارے میں ان قدیم تصورات کی چھاپ محسوس ہوتی ہے جن میں عورتوں کومردوں سے کم تر درجہ کی مخلوق قراردیاگیاتھا۔
اسلام کے قانون میراث پر یہ اعتراض پورے قانون میراث سے ناواقفیت اور اسلام میں مردوعورت پر عائد ہونےو الی مالی ذمہ داریوں پرنظرنہ رکھنے کی وجہ سے یدا ہوتاہے۔ یہ بات درست نہیں ہےکہ اسلام ورثہ میں ایک ہی سطح کے مردوں اور عورتوں میں مردوں کو ہمیشہ عورتوں کادوہرا حصہ دیتاہے۔ اسلام کے قانون میراث پر نظررکھنے والےجانتے ہیں کہ مساوی درجہ کے مردوں اور عورتوں کی میراث کی مختلف صورتیں اور احکام ہیں۔
۱۔ کبھی مساوی درجہ کے مردوں، عورتوں کو میراث میں برابر حصہ ملتاہے، مردوں کو عورتوں کا دوگنا نہیں ملتا۔ مثلاً ماں شریک (اخیافی) بھائی یابہن اگرتنہا ہے یعنی صرف ایک ماں شریک بھائی ہے یا تنہا ایک ماں شریک بہن ہے تو اسے میراث کا چھٹا حصہ ملے گا، اور ایک سے زائد ماں شریک بھائی بہنیں ہیں تو یہ لوگ ایک تہائی میراث کے مستحق ہوں گے اور یہ ایک تہائی میراث ان بھائی بہنوں میں برابر برابر تقسیم کی جائے گی۔ بھائیوں کو بہنوں کا دوگنا نہیں دیاجائےگا۔ ماں شریک بھائی بہنوں کی اس میراث کاذکر سورہ نساء کی آیت ۱۲ کے آخر میں ان الفاظ میں ہے:
وَإِن كَانَ رَجُلٌ يُورَثُ كَلَالَةً أَوِ امْرَأَةٌ وَلَهُ أَخٌ أَوْ أُخْتٌ فَلِكُلِّ وَاحِدٍ مِّنْهُمَا السُّدُسُ ۚ فَإِن كَانُوا أَكْثَرَ مِن ذَٰلِكَ فَهُمْ شُرَكَاءُ فِي الثُّلُثِ (نساء:۱۲)
اگر ایسے مردیاعورت کی میراث ہوجس کے نہ ماں باپ ہوں نہ اولاد مگر اس کے بھائی یا بہن ہوں تو ان میں سے ہرایک کوچھٹا حصہ ملے گا اور اگرایک سے زیادہ ہوں تو سب ایک تہائی میں شریک ہوں گے۔
۲۔ بعض مساوی درجہ کے مرد اور عورت بعض حالات میں میراث میں برابر حصہ پاتے ہیں اور بعض حالات میں مرد کو عورت کے مقابلہ میں زیادہ حصہ ملتاہے، مثلاً ماں، باپ اگر مرنے والے نے صرف نرینہ اولاد چھوڑی ہے یا لڑکے لڑکیاں دونوں چھوڑے ہیں تو اس کے ماںباپ کو برابر حصہ ملتاہے، یعنی ان میں سے ہر ایک کوچھٹا حصہ ملتاہے اور اگر میت نے صرف لڑکیاں چھوڑی ہیں تو بھی ماں، باپ کو چھٹا حصہ ملے گا، اور اصحاب فرائض کو ان کا حصہ دینے کے بعد اگرکچھ بچ جاتاہے تو وہ بھی باپ کو ملے گا۔ غرض یہ کہ ماں باپ کا حصہ کبھی برابر ہوتاہے اور کبھی باپ کا حصہ ماں سے زیادہ ہوتاہے۔
۳۔ اکثر ایساہی ہوتاہے کہ یکساں درجہ کے مرد اور عورت وارثین میں مرد کا حصہ عورت کے مقابلہ میں دوہرا ہوجاتاہے۔ مثلاً بیٹے، بیٹیاں، حقیقی اور باپ شریک بھائی بہن۔
( ازکتاب: اسلام کانظام میراث۔ حضرت مفتی عتیق احمد صاحب بستوی)۔۔۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ۔۔۔۔۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!