اسلام کانظام میراث-(۱۱)

اسلام سے پہلے لڑکی کا حصۂ میراث
خود رسول اکرم ﷺ کی زندگی میں یہ واقعہ پیش آیا کہ غزوۂ احد میں ایک صحابی شہید ہوئے۔ ان کے پسماندگان میں بیوی، دوبچیاں اور ایک بھائی تھے۔ بھائی نے تنہا پورے ترکہ پر قبضہ کرلیا اور بیوی بچوں کو محروم کردیا۔ ان شہید صحابی کی بیوی یہ مسئلہ لے کر حضور اکرمﷺ کے پاس حاضر ہوئیں۔
حضور اکرمﷺ نے دوتہائی ترکہ لڑکیوں کو دلوایا، آٹھواں حصہ بیوی کواور باقی ماندہ بھائی کو دیا۔
حضرت جابرؓ کی روایت ہے کہ ایک خاتون اپنی دولڑکیوں کے ساتھ حضور اکرمﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئیں اورعرض کیا: یہ ثابت بن قیس کی دونوں لڑکیاں ہیں جو غزوۂ احد میں شہید ہوئے، ان بچیوں کے چچا نے ان دونوں کامال اور میراث سب لے لیا، ان کے لئے کچھ نہیں چھوڑا۔ یارسول اللہ ﷺ خدا کی قسم بلا مال کے ان کا نکاح کبھی بھی نہیں ہوسکتا۔ نبی اکرمﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ اس معاملہ میں فیصلہ فرمائے گا، اس کے بعد سورہ نساء کی آیت ( یوصیکم اللہ فی اولاد کم) نازل ہوئی تو رسول اکرمﷺ نے فرمایا: اس عورت کو اور لڑکیوں کے چچا کوبلاؤ۔ لڑکیوں کے چچا سے فرمایا: دونوں لڑکیوں کو دوتہائی ترکہ دےد و، آٹھواں حصہ ان کی ماں کو دے دو، باقی ماندہ تمہارا ہے۔ (۱)
اسلام سے پہلے اہل عرب میں لڑکیاں بھی میراث سے محروم تھیں، کیوں کہ دورجاہلیت کے عرف وعادت کے تحت میراث کا استحقاق صرف مردوں کوتھا وہ بھی بالغ اور قابل جنگ مردوں کو ، طبقۂ نسواں کلیۃً میراث کے حق سے محروم تھا۔ (۲)
یہودیوں کے قانون میراث میںباپ کے ترکے کا استحقاق صرف لڑکوں کو تھا لڑکیاں اس میں حصہ دار نہیں ہوتی تھیں۔ ہاں لڑکی اگرچھوٹی ہے تو شادی ہونے تک یا بالغ ہونے تک اسے باپ کے ترکہ میں سےا پنا خرچ لینے کا حق تھا۔ اگرماں کا انتقال ہواتو اگر کوئی لڑکا ہے تو وہی میراث کا حق دار ہوتاتھا، ہاں اگر لڑکا نہ ہوتو لڑکی میراث پاتی تھی۔ (۳)
رومن لامیں لڑکے اور لڑکی میراث میں برابر کے حصہ دار ہیں۔ دونوں کے حصے برابر ہیں۔ یورپ کے قوانین میراث میں بھی لڑکے اور لڑکی کوبرابر قراردیاگیاہے۔ (۱)
( ازکتاب: اسلام کانظام میراث۔ حضرت مفتی عتیق احمد صاحب بستوی)۔۔۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ۔۔۔۔۔



