مضامین

اسلام کانظام میراث-(۹)

بیوی کا حصۂ میراث دوسرے مذاہب وقوانین میں
میراث کےسلسلہ میں بیویوں پر اسلام کا احسان اس وقت زیادہ نمایاں ہوجاتا ہے جب ہم دوسرے قوانین میراث میں بیویوں کے حقوق میراث کا مطالعہ کرتے ہیں۔
اسلام سے پہلے عموماً عورت کو ملکیت اور میراث کے حقوق حاصل نہیں تھےا ور اگر حاصل تھے تو سوسائٹی میں ان حقوق کا احترام نہیں تھا۔ شادی سے پہلے عورت باپ کی ملکیت تصور کی جاتی تھی۔ اس کی محنت اور کمائی باپ کی جیب میں جاتی تھی۔ باپ جس طرح اسے چاہتا اسے رکھتا۔ جہاں چاہتا اس کی شادی کرتا خواہ عورت اس رشتہ پر راضی ہوتی یاناراض۔ شوہر کے گھر آنے کے بعد وہ اور اس کی ساری ملکیت شوہر کے رحم وکرم پرہوتی۔ شوہر کے گھر میں اس کی حیثیت لونڈی اورنوکرانی سےزیادہ نہ ہوتی۔ شوہر کی وفات کے بعد وہ کٹی پتنگ کی طرح ہوتی۔ نہ میکہ میں اس کا کوئی حق تھا نہ سسرال میں۔ مرنے والے شوہر کی املاک کی طرح وہ بھی میراث کا ایک حصہ سمجھی جاتی۔ شوہر کے ورثاء اسے جس طرح چاہتے رکھتے، کبھی خود اس کا سوتیلا لڑکا اس سے نکاح کرلیتا، کبھی شوہر کے ورثاء اپنی مرضی سے اس کا نکاح کرنے اور کبھی اسے نکاح نہ کرنے دیتے اور رفیق حیات کےسہارے کےبغیر شوہر کے گھر میں لونڈی اورنوکرانی کی طرح اسےزندگی گزارنی پڑتی۔
اسلامی تعلیمات کے فیض سے عورتوں کی قدر ومنزلت میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔ انہیں ہر طرح کے حقوق ملکیت ومیراث حاصل ہوئے اور ان کے حقوق کا حددرجہ احترام پیدا ہوا۔ ماں کی حیثیت سے عورت گھر کی ملکہ بن گئی۔ قرآن وحدیث میں ماں کی عزت واحترام ، اس کے ساتھ حسن سلوک اورنرم گفتاری کی اتنی سخت ہدایات اور تاکید ہیں کہ ایک سچا مسلمان ماں کے حقوق کوپامال کرنے اور اس کے ساتھ بدسلوکی کاخیال بھی دل میں نہیں لاسکتا۔
والدین کی الفت ومحبت کے گھنیرے سائے میں پرورش پانےا ور جوان ہونے کے بعد مسلمان لڑکی نکاح کے بعد شوہر کے حرم میں قدم رکھتی ہے تو بھی اس کا مستقل وجود قائم رہتا ہے۔ اور اس کے مالکانہ حقوق محفوظ رہتےہیں۔ میکےسے وہ جو کچھ لے کرآتی اور سسرال میں اسے جو کچھ تحفے تحائف ملے سب اس کی ملکیت ہیں۔ اس کی اجازت اورمرضی کے بغیر اس کی املاک میں کوئی تصرف نہیں کیا جاسکتا۔ شادی شدہ عورت خواہ کتنی صاحب ثروت اور مال دار ہو اس کا اور اس کے بچوں کے کھانا خرچہ شوہر کی ذمہ داری ہے۔ شوہر ہی ان کی رہائش، خوراک، پوشاک اور دیگرضروریات کابندوبست کرے گا۔ عورتوں کے حق میں ایک بڑی رحمت اسلام کے قوانین میراث ہیں۔ اسلام سے پہلے عربوں میں عورتوں کو میراث میں حصہ دینےکا رواج نہیں تھا، بلکہ عورتیں خود ترکہ کاایک حصہ قرار پاتی تھیں۔ اسلام نے بڑی فراخ دلی اور انصاف پسندی کے ساتھ میراث میں عورتوںکاحصہ مقر ر کیا اور میراث کے تفصیلی احکام کوقرآن میں شامل کیا تاکہ ان میں کوئی کتربیونیت قیامت تک نہ کی جاسکے۔
منصف مزاج مغربی محققین کوبھی اس بات کااعتراف ہے کہ اسلام کا قانون میراث سب سے زیادہ عادلانہ اور عورتوں کےلئے سب سے زیادہ مفید ہے۔ تمدن عرب کامصنف ڈاکٹر گستاؤلیبان لکھتاہے:
’’احکام وراثت قران میں نہایت ہی منصفانہ ہیں اور ان آیات سے جن کو میں نقل کرتا ہوں ناظرین اپنی رائے قائم کرسکیں گے۔۔۔۔۔میںنے جو مقابلہ ان آیات کا فرانسیسی اور انگریزی قانون وراثت سے حاشیہ پر کیا ہے اس سے معلوم ہوگا کہ بیاہی ہوئی عورتیں جن کی نسبت یہ خیال ہے کہ ان کے ساتھ مسلمان بہت بری طرح سلوک کرتے ہیں، بہ مقابلہ ہمارے قانون کے قانونِ اسلام کی رو سے بہت زیادہ حقوق وراثت رکھتی ہیں۔(۱)
یہودی مذہب میں شوہر بیوی کاوارث ہوتاہے لیکن بیوی شوہر کی وارث نہیں ہوتی، اسے شوہر کے ترکہ میں کچھ بھی حصہ نہیں ملتا۔(۱)
زمانہ جاہلیت میں تمام عورتیں خواہ بیویاں ہوں یا بیٹیاں یا مائیں کلیتہً میراث سے محروم تھیں۔(۲)
رومن لامیں بھی بیوی میراث سے محروم کردی گئی تھی، شوہر کے چھوڑے ہوئے مال اور جائیداد میں سے اسے کچھ نہیں ملتا تھا۔ (۳)
( ازکتاب: اسلام کانظام میراث۔ حضرت مفتی عتیق احمد صاحب بستوی)۔۔۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ۔۔۔۔۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!