مضامین

اسلام کانظام میراث-(۱۰)

میراث میں لڑکی کاحصہ
ماں اور باپ سے لڑکے اور لڑکی کا رشتہ یکساں نوعیت کا ہے اس لئے یہ انصاف کی بات نہیں ہے کہ لڑکا تو ماں باپ کی میراث پائے اور لڑکی کوعورت ہونے کے جرم میں کلیۃً میراث سے محروم کردیاجائے۔ اسلامی تعلیمات اور قوانین کے اعتبار سے لڑکی شادی ہونے کے بعد اپنے ماں، باپ اور دوسرے اعزہ سے کٹ نہیں جاتی۔ نکاح اور رخصتی کے بعد بھی اپنے والدین ،بھائیوں اورخاندان سے اس کا ربط اور رشتہ پہلے کی طرح قائم رہتاہے لہٰذا اس کی ماں یا باپ کا انتقال خواہ لڑکی کے نکاح اور رخصتی سے پہلے ہواہو یا اس کے بعد دونوں صورتوں میں لڑکی اپنے ماں ، باپ کے چھوڑے ہوئے مال میں حصہ پانے کی مستحق ہے۔
لڑکیوں کی میراث کا ذکر قرآن مجید میں صراحۃً مذکورہے۔
يُوصِيكُمُ اللَّهُ فِي أَوْلَادِكُمْ ۖ لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنثَيَيْنِ ۚ فَإِن كُنَّ نِسَاءً فَوْقَ اثْنَتَيْنِ فَلَهُنَّ ثُلُثَا مَا تَرَكَ ۖ وَإِن كَانَتْ وَاحِدَةً فَلَهَا النِّصْفُ (نساء:۱۱)
خداتمہاری اولاد کے بارے میں تم کوارشاد فرماتاہے کہ ایک لڑکے کاحصہ دولڑکیوں کے حصے کے برابر ہے اور اگر اولاد میت صرف لڑکیاں ہی ہوں(یعنی دویا دوسے زیادہ تو کل ترکے میں ان کا دوتہائی ، اور اگر صرف ایک لڑکی ہوتواس کا حصہ نصف۔
اس آیت سے میراث کے اعتبار سے لڑکی کی تین حالتیں معلوم ہوتی ہیں:
(۱) اگرلڑکیوں کے ساتھ لڑکے بھی ہوں (خواہ لڑکے لڑکیاں ایک ایک ہوں یا ایک سے زائد) تو اس صورت میں لڑکی عصبہ ہوجاتی ہے، اسے ترکہ میں متعین حصہ نہیں ملتا، بلکہ دوسرے اصحاب فرائض(اگرہوں) مثلاً میت کے والدین یاشوہر یابیوی کو دینے کے بعد جو ترکہ بچے گا اسے لڑکے لڑکیوں میں اس طرح تقسیم کیاجائے گا کہ لڑکوں کودوہراحصہ ملے گا اور لڑکیوں کو اکہرا۔
(۲) اگر میت کے لڑکے نہیں ہیں، صرف لڑکیاں ہیں تو اگر صرف ایک لڑکی ہوتو اسے کل ترکہ کاآدھا ملے گا۔
(۳) اور اگرلڑکیاں دویا دوسے زائد ہیں تو انہیں دوتہائی ترکہ ملے گا۔
( ازکتاب: اسلام کانظام میراث۔ حضرت مفتی عتیق احمد صاحب بستوی)۔۔۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ۔۔۔۔۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!