مضامین

اسلام کانظام میراث-(۸)

میراث میں بیوی کاحصہ
اگر شوہر مال چھوڑ کر مراہے تو اس کے ترکہ میں بیوی کو حصہ ملنا ضروری ہے، یہ حصہ بعض حالات میں چوتھائی ہوتاہے ، بعض حالات میں آٹھواں۔ اگرشوہر کے کوئی اولاد نہیں ہے ، نہ لڑکا نہ لڑکی، نہ اس بیوی سے نہ کسی دوسری بیوی سے اسی طرح اس کے لڑکوں ، پوتوں وغیرہ کی بھی کوئی اولاد نہیں ہے، تو میت کے دین کی ادائیگی اور تہائی مال میں اس کی وصیت جاری کرنے کے بعد باقی ماندہ ترکہ کا چوتھائی بیوی کاحق ہے اور اگر مذکورہ بالا لوگوں میں سے کوئی موجود ہے تو بیوی کا حصہ چوتھائی کے بجائے آٹھواں ہوجاتا ہے۔ بیوی کے حصہ کی یہ تفصیل خود قرآن پاک میں موجود ہے:
وَلَهُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْتُمْ إِنْ لَمْ يَكُنْ لَّكُمْ وَلَدٌ ۚ فَإِنْ كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَكْتُمْ مِنْ بَعْدِ وَصِيَّةٍ تُوصُونَ بِهَا أَوْ دَيْنٍ (نساء: ۱۲)
اور اگر تمہارے اولاد نہ ہوتوتمہاری عورتوں کا اس میں چوتھائی حصہ ہے اور اگر اولاد ہو تو انکا آٹھواں حصہ ۔(یہ حصے تمہاری وصیت کی تکمیل کےبعد) جو تم نے کی ہو اور (ادائے) قرض کے بعد (تقسیم کئے جائیں گے)۔
اسلام نے بیویوں کو ان کاحق دلوانے اور انصاف کے تقاضوں کوپورا کرنے میں جن باریک بینی اور دقیقہ سنجی سے کام لیاہے اس کا اندازہ ایک مثال سے لگایا جاسکتاہے۔
شوہر مرض الموت میں گرفتار ہے۔ اس کی صحت یابی اور زندگی سے خود اسے اور دوسروں کو مایوسی ہوچکی ہے ایسی حالت میں اگروہ اپنی بیوی کو طلاق دیتاہے تو اس کا یہ اقدام بدنیتی پر محمول کیاجائے گا۔ اس حالت میں طلاق دینے کی کوئی معقول بنیاد نظر نہیں آتی، ہو نہ ہو شوہر بیوی کو حق میراث سے محروم کرناچاہتاہے۔ وہ ناخداترس سوچ رہاہے کہ دوسرے خاندان اور دوسرے نسب وخون کی یہ عورت میری محنت اور کمائی کا اچھا خاصہ حصہ کیوں لے اڑے، لاؤ طلاق دےکر اس کا رشتۂ نکاح ختم کردوں تاکہ میراث سے محروم ہوجائےا ور پورا ترکہ میرے بچوں اور اہل خاندان کے قبضہ میں آجائے، فقہا ء اس طلاق کو ’’طلاق فار‘‘ کہتے ہیں، یعنی بھاگنے والے کی طلاق کیوں کہ شوہر بیوی کی میراث سے بھاگنے کے لئے یہ طلاق دے رہاہے۔
مرض الموت میں گرفتار شخص نے طلاق بائن دے کر رشتۂ نکاح ختم تو کرلیا لیکن اس نے چوں کہ بظاہر کسی معقول سبب کے بغیر بیوی کاحق میراث مارنے کے لئے یہ اقدام کیاہے اس لئے شریعت اس عورت کی داد رسی کے لئے کھڑی ہوجاتی ہے اور نکاح ختم ہونے کے باوجود اسے میراث دلواتی ہے۔ امام ابو حنیفہؒ فرماتے ہیں کہ اگر مطلقہ بیوی کی عدت کے دوران شوہر کا انتقال ہواتو مطلقہ بیوی میراث پائے گی۔ امام احمدؒ فرماتے ہیں کہ اگر مطلقہ عورت کی عدت گزرنے کے بعد شوہر کا انتقال ہواتوبھی وہ میراث کی مستحق ہوگی بشرطیکہ اس نے نیا نکاح نہ کرلیا ہو، اور امام مالکؒ فرماتے ہیں کہ اگر اس نے عدت گزرنے کےبعد کہیں دوسری جگہ شادی کرلی، اس کے بعد اسی مرض میں پہلے شوہر کاانتقال ہواتوبھی اسے پہلے شوہر کے ترکہ میں حصہ ملے گا۔ (ازکتاب: اسلام کانظام میراث۔ حضرت مفتی عتیق احمد صاحب بستوی)۔۔۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ۔۔۔۔۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!