اشوک چوہان اور چار ارکانِ اسمبلی کو اڑانے کی دھمکی دینے والاملزم ممبئی میں گرفتار

ناندیڑ:(تہلکہ نیوز )18؍نومبر:مہاراشٹر کےسابق وزیر اعلیٰ و رکن پارلیمنٹ اشوک راؤ چوہان اور ناندیڑ کے چار ارکان اسمبلی کو بم سے اڑانے کی سازش کا حوالہ دے کر ایک تاجر سے ایک لاکھ روپے کی بھتہ خوری کرنے والے ملزم کو ناندیڑ پولیس نے ممبئی سے گرفتار کرلیا ہے۔گرفتار ملزم کی شناخت روی عرف رویندر گوتم روکڑےکی حیثیت سے ہوئی ہے۔ ملزم نے تاجر مہیش تُتارے کو فون کرکے ایک لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا اور رقم نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی۔ اس دوران اس نے دعویٰ کیا تھا کہ تین سال قبل اس نے اشوک چوہان اور ناندیڑ کے چار ارکان اسمبلی کو ایک ہی دن اڑانے کا منصوبہ بنایا تھا۔اس معاملے میں 14 نومبر کو وزیرآباد پولیس اسٹیشن میں بھتہ خوری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایس پی ڈاکٹر نیلابھ روہن کی ہدایت پر لوکل کرائم برانچ کی ٹیم نے تکنیکی معلومات کی مدد سے ملزم کو ممبئی کے پیڈر روڈ پر واقع نیشنل میوزیم آف انڈین سنیما سے گرفتار کیا۔ملزم کو ناندیڑ لاکر عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے ایک دن کی پولیس تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ ملزم نے سیاسی رہنماؤں کو دھمکی دینے کا دعویٰ کیوں کیا اور اس معاملے میں کوئی دیگر افراد بھی ملوث ہیں یا نہیں۔



