شہری خوف زدہ نہ ہوں، افواہوں پر یقین نہ کریں: نگراں وزیر اتل ساوے

ناندیڑ:(تہلکہ نیوز بیورو)3؍اکتوبر: ناندیڑ اور ہنگولی اضلاع میں آج، ہفتہ 3 اکتوبر 2026 کو صبح 7 بج کر 46 منٹ اور 9 بج کر 43 منٹ پر زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس سلسلے میں ضلع ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو اطلاع موصول ہوئی ہے۔قومی زلزلہ پیما مرکز کی سرکاری معلومات کے مطابق، دونوں زلزلوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر بالترتیب 3.3 اور 4.5 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کا مرکز ہنگولی ضلع کے بسمت تعلقہ میں واقع پانگرا شندے گاؤں کے قریب بتایا جا رہا ہے۔زلزلے کے باعث ناندیڑ ضلع میں کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ ضلع انتظامیہ نے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور تمام متعلقہ محکموں کو چوکس رکھا گیا ہے۔زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس کی کیفیت پیدا ہوگئی تھی۔ تاہم ضلع کلکٹر راہل کردیلے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خوف زدہ نہ ہوں بلکہ محتاط رہیں۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کی صورت میں فوری طور پر محفوظ طریقے سے گھر سے باہر نکل کر کھلی جگہ پر رہیں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔دریں اثنا، ضلع کے نگراں وزیر اتل ساوے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے رابطہ کرکے ضروری ہدایات بھی دی ہیں۔نگراں وزیر اتل ساوے نے کہا کہ ناندیڑ ضلع میں فی الحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہ پر یقین نہ کریں، گھبرائیں نہیں اور صرف انتظامیہ کی جانب سے جاری کی جانے والی سرکاری معلومات پر ہی بھروسہ کریں۔



