مضامین

اسلام کانظام میراث-(۱۴)

ایک اعتراض کا جائزہ
اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا’’ للذکر مثل حظ الانثتین‘‘(ایک مرد کاحصہ دو عورتوں کے حصہ کے برابرہے) اسلامی قانون میراث کا ایک اصل وقاعدہ ہے جو اکثر حالات میں جاری ہوتا ہے، یہ قاعدہ فقہاء اور مجتہد ین کا مقرر کیا ہوا نہیں ہے بلکہ یہ اس خدائے علیم وحکیم کامقرر کیا ہواہے جو مردوں، عورتوں کاخالق ہے، دونوں کی طبیعت و مزاج اور دونوں کی خصوصیتوں اور صلاحیتوں سے بخوبی آگاہ ہے ۔سورۂ نساء کی آیت ۱۱ اور آیت ۱۷۶ میں صراحۃً مذکورہ بالاالفاظ میں اس قاعدے کاذکر ہے۔
اکثرحالات میں میراث میں مردوں کودوہرا حصہ دینا غیر معمولی حکمت اور انصاف پر مبنی ہے۔ اسلامی قانون میں بیشتر بلکہ تمام ترمالی ذمہ داریاں مرد پر ڈالی گئی ہیں۔ عورتوں کے مقابلہ میں مردوں کی مالی ذمہ داریاں دوگنی ہی نہیں بلکہ کئی گنی ہیں، لہٰذا اگر میراث میں مردوں کو دوہرا حصہ دیاگیاہے تو یہ عین تقاضائے انصاف ہے۔ اس مسئلہ کوسمجھنے کے لئے ہمیں مردوں اور عورتوں کی مالی ذمہ داریوں پر نظر ڈال لینی چاہیے۔
لڑکے، لڑکیاں جب تک نابالغ ہیں ان کے تمام اخراجات کی ذمہ داری تنہا باپ پر ہے، ماں پر نہیں۔ باپ ہی ان کے کھانے پینے، رہنے سہنے، پرورش وتعلیم کا بندوبست کرے گا، ان کے تمام مصارف برداشت کرے گا۔
لڑکا جوں ہی بالغ ہوا اس کے اخراجات کی ذمہ داری باپ کے سر سے ختم ہوگئی وہ خود ہی محنت مشقت کرکے کوئی جائز ذریعہ آمدنی پیدا کرکے اپناخرچ خود اٹھائے، اپنے پیروں پر کھڑا ہو، اب شرعاً اس کے اخراجات کی ذمہ داری باپ پر عائد نہیں ہوتی الایہ کہ اپاہج، معذور ہو، کمانے کے لائق نہ ہو، اس کے برخلاف لڑکی کے اخراجات کی ذمہ داری اس وقت تک باپ کے سر ہے جب تک اس کا نکاح نہ ہوجائے۔ نکاح کےبعد اس کے نان ونفقہ اور اخراجات کی ذمہ داری باپ سے ہٹ کر شوہر کے اوپر آگئی اگر شوہر غریب اور عورت مالدار ہے توبھی بیوی کے نان ونفقہ کی ذمہ داری شوہر کے سرہے، شوہر جہاں سے بھی لائے اس کے اخراجات کا بندوبست کرے۔
بالغ ہونے کے بعد نکاح کامرحلہ آتا ہے، اسلامی تعلیمات کی رو سے اس میں عورت کا کوئی خرچ نہیں بلکہ آمدنی ہی آمدنی ہے۔ مہر کے طورپر عورت کو خطیر رقم ملتی ہے جو اس کا محفوظ سرمایہ بن جاتاہے۔ نکاح کے موقع پر عورت کو میکے اور سسرال میں جوقیمتی ہدئیے اور تحائف ملے ، سامان جہیز ملا وہ عورت کی ملکیت ہے، غرضیکہ نکاح سے عورت کی معقول آمدنی ہوئی۔ اس کے برخلاف نکاح میں مرد کا بہت کچھ خرچ ہوا اور مالی ذمہ داریاں عائد ہوئیں، اس پر مہر لازم ہوا جس کی مقدار اچھی خاصی ہوتی ہے، اپنی بیوی کی رہائش کے لئے مکان لینا پڑا، بیوی کانان ونفقہ اس کے سرمستقل طورپر آگیا ، اپنی حسب حیثیت دعوت ولیمہ کا اہتمام کرنا ہوا جو سنت ہے۔
پھر شادی کے کچھ عرصہ بعد اولاد کا سلسلہ شروع ہوا تواولاد کی کھلائی پلائی اور تمام مصارف کا بار تنہا باپ کے سرآیا، غرضیکہ شریعت نے تمام مالی ذمہ داریاں مردوںپر عائد کیں اور عورتوں پر اتنا بار بھی نہیں ڈالا کہ وہ کماکر کم ازکم اپناخرچ پوراکرلیں، زندگی کے کسی مرحلہ میں شریعت عورت پر کمانے کی ذمہ داری عائد نہیں کرتی بلکہ اس کا نان ونفقہ دوسروں پر عائد کرتی ہے۔ شادی سے پہلے باپ، دادا، بھائی وغیرہ اٹھاتے ہیں، شادی کے بعد شوہر پراس کے اخراجات کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اگرخدانخواستہ شوہر کی وفات یا طلاق کاحادثہ پیش آگیا توپھر وہ اپنے باپ بھائی یالڑکوں کے سایہ میں آگئی، مرد کی صورت حال اس کے بالکل برعکس ہے۔ بالغ ہوتے ہی اس پر مالی ذمہ داریوں کا بوجھ شروع ہوا اور دن بدن بڑھتا ہی چلاگیا، عورت کو مہر، میراث ، ہدیئے ، تحائف کے نام پر جو مال ملا سرمایۂ محفوظ بن گیا، زندگی میں پیش آنے والے ناگہانی حادثات میں یہ سرمایہ اس کا بڑا سہاراثابت ہوتاہے۔ اس کے برخلاف مرد کو ترکہ میراث میں جو کچھ ملا اور اس نے جو کچھ کمایا سب خرچ ہوتاچلاگیا۔ کیوں کہ اسکے سامنے صرف کی بے شمار مدات ہیں، ان حالات میں اگرشریعت نے میراث میں مردوں کا حصہ عورتوں کے مقابلہ میں دوہرا مقرر کیا تو کیاظلم کردیا، اسلام کایہ فیصلہ تواس کی حقیقت پسندی، عدل گستری اور حقانیت کی روشن دلیل ہے۔ ۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ۔۔۔۔۔
( ازکتاب: اسلام کانظام میراث۔ حضرت مفتی عتیق احمد صاحب بستوی)

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!