ماں باپ اور اولاد کے حقوق واحکام-۱۳

نا فرمان اولاد کیلئے کیا وعیدیں ہیں؟
سوال : (۱۰۲۸) والدین اولاد کو شرعًا کن صورتوں میں عاق کرسکتے ہیں؟ اور عاق شدہ اولاد کے لیے شرعاً کیا وعیدیں ہیں؟(۹۴۶/۱۳۴۵ھ)
الجواب:عاق کے معنی قاطع کے ہیں، پس جو شخص قطع رحم کرے اور والدین کے ساتھ برواحسان وسلوک نہ کرے، اور والدین کی نافرمانی کرے ان امور میںجن میں اطاعت والدین فرض ہے وہ عاق ہے، خواہ والدین اس کو عاق کریں یانہ کریں، اور عاق کہیں یا نہ کہیں وہ خود عاق ہے، اولاد کاعاق ہونا والدین کے عاق کرنے پر موقوف نہیں ہے، اس لیے والدین کے عاق کرنے پرکوئی حکم شرعی عدم توریث وغیرہ کامرتب نہیں ہوتا، البتہ جو اولاد عاقِ والدین ہے وہ عاصی وفاسق ہے، اور ایسی اولاد پر وعید عدم دخول جنت کی وارد ہے۔ جیساکہ حدیث میں ہے:لا يَدْخُلُ الجَنَّةَ عاقٌّ کہ ماں باپ کا عقوق اور نافرمانی کرنے والا جنت میں داخل نہ ہوگا (۱) اور دوسری حدیث میں والدین کے غصہ کو اللہ تعالیٰ کا غصہ فرمایا – كما ورد:رِضا الرَّبِّ في رِضا الوالِد، وسَخَطُ الرَّبِّ في سَخَطِ الوالِد (۲) اور ایک حدیث میں ہے کہ ایک شخص نے آنحضرت ﷺ سے سوال کیا: ما حق الوالدين على ولدهما؟ کیا حق ہے ماں باپ کا اولاد پر ؟ قال : هما جنتك ونارك، رواه ابن ماجة (۳) فرمایا: ماں باپ تیری جنت ہیں یا دوزخ ہیں یعنی اگر ان کی اطاعت کرے گا تو داخل جنت ہوگا اور اگر ان کی نافرمانی کرے گا تو داخل دوزخ ہوگا۔ فقط
نافرمان اولاد سے قطع تعلق کرنا درست ہے
سوال: (۱۰۲۹) ایک لڑکا والدین کا نافرمان ہے، اور گالی گلوج دیتا ہے، اور زدوکوب بھی کرتا ہے، اور والد کے ساتھ برے طور سے پیش آتا ہے، والدین اس سے سخت ناراض ہیں؟ ایسے لڑکے کے ساتھ کیا معاملہ کرنا چاہیے؟ (۱۱۱۱۱/ ۱۳۴۲ھ)
الجواب: وہ لڑکا فاسق ہے اور سخت گنہ گار ہے۔ حدیث شریف میں ہے کہ ماں باپ کی نافرمانی کرنے والاجنت میں داخل نہ ہوگا ۔ لا یدخل الجنة عاق (۱) اور عقوق والدین یعنی نافرمانی کو آنحضرت ﷺ نے کبائر گناہوں میں سے شمار فرمایا ہے (۲) اگر وہ تو بہ نہ کرے اور ماں باپ کو راضی نہ کرے اور ان سے قصور معاف نہ کرائے تو اس سے مقاطعت کرنا اور میل جول قطع کرنا درست ہے ۔ قَالَ اللهُ تَعَالَى: ﴿ فَلَا تَقْعُدْ بَعْدَ الذِّكْرَى مَعَ الْقَوْمِ الظَّلِمِينَ الآية ) ( سورة انعام: آیت (۶۸) فقط واللہ تعالیٰ اعلم
(فتاویٰ دارالعلوم دیوبند ،جلد ۱۶)۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ



