مکروہ اور مُباح امور کابیان-۶

مباح چیزوں سے پرہیز کرنا
سوال:(۳۳)بعض صوفیائے کرام نے خربوزہ تمام عمر اس واسطے نہیں کھایا کہ رسول اللہ ﷺ سے اس کاکھانا ثابت نہیں ہے اور بعض صوفیائے کرام چارپائی پر نہیں لیٹے ، اور بعض بزرگوں نے بیس تیس سال تک گوشت نہیں کھایا حالانکہ یہ شرعاً جائز ہے ، اس کا کیا حکم ہے؟(۲۶۶۲/۳۲-۱۳۳۳ھ)
الجواب:جواشیاء مباح ہیں اس کے جواز میںکلام نہیںہے باقی کسی کا ان کونہ کرنا مثلاً خربوزہ نہ کھانا یہ ایک حال ہے کہ صاحب حال کے ساتھ خاص ہے، شرعًا ممانعت نہیں ہوسکتی۔ قَالَ اللہُ تَعَالیٰ: (قُلْ مَنْ حَرَّمَ زِينَةَ اللَّهِ الَّتِي أَخْرَجَ لِعِبَادِهِ وَالطَّيِّبَاتِ مِنَ الرِّزْقِ ) [سورۂ اعراف، آیت :۳۲)(۲)
انڈا کیوں حلال ہے؟
سوال:(۳۴) انڈا کیسے حلال ہوگیا جب کہ اس پر بسم اللہ پڑھنی شرط نہیں ہے؟(۴۲۹/۳۳-۱۳۳۴ھ)
الجواب:انڈا کوئی جاندار چیز اور جانور نہیں ہے کہ اس کو ذبح کیاجاوے اور بسم اللہ اللہ اکبر بہ وقت ذبح کہنا ضروری ہوتا، بسم اللہ اللہ اکبر ذبح کے وقت جانور پر کہنا شرط ہے نہ کہ غیر جانور پر، بلکہ علاوہ جانوروں کے جن چیزوں کی حرمت وارد نہیں ہے اور قاعدۂ حلت ان پر صادق آتا ہے وہ حلال ہیں اور انڈا ان چیزوں میں سے ہے کہ شریعت میں اس کی حلت ثابت ہے، اور قرآن شریف میں ہے:(وَيُحِلُّ لَهُمُ الطَّيِّبَاتِ وَيُحَرِّمُ عَلَيْهِمُ الْخَبَائِثَ (سورہ اعراف، آیت ۱۵۷)۔۔۔انڈا طیبات میں سے ہے،لہٰذا حلال ہے۔
مرغی کے پیٹ سے نکلاہوا انڈا کھانا کیساہے؟
سوال:(۳۵) دجاجہ یعنی ماکیاں مردہ کے شکم سے جو بیضہ(انڈا) سخت یا نرم نکلے وہ کھانا درست ہے یانہیں؟(۵۴۲/۱۳۳۴ھ)
الجواب: درمختار میں لکھاہے: وکذا کل مالاتَحُلُّہٗ الحیاۃُ حتّی الإ نْفَحَۃُ واللّبنُ (۱) کہ میتہ کا دودھ وغیرہ پاک وحلال ہے، اس قاعدہ سے مرغی کا بیضہ بھی حلال وپاک ہے، لیکن بعض فقہاء نے دودھ میتہ کے بارے میں مذہب صاحبین کو ترجیح دی ہے وہ ناپاک فرماتے ہیں(۲) پس احتیاط اسی میں ہے، اور بیضہ کے بارے میں بھی یہی احتیاط ہے۔
سوال:(۳۶) مرغی کو ذبح کیاجائے اور س میں سے انڈے نکلیں وہ حلال ہیں یانہیں؟(۱۲۹/۱۳۴۲ھ)
الجواب:حلال ہیں۔ فقط
مچھلی کے انڈے کھانا درست ہے
سوال:(۳۷)مچھلی کے انڈے کھانادرست ہے یانہیں؟(۱۷۵۱/۱۳۳۵ھ)
الجواب: درست ہے۔ فقط
(فتاویٰ دارالعلوم دیوبند، جلد ۱۶)



