مضامین

مکروہ اور مُباح امور کابیان-۵

عورتوں کو غیر محرم مرد اور بزرگوں کاجھوٹا کھانا اور پانی استعمال کرنا کیسا ہے؟
سوال:(۲۳)عورت کو غیر محرم کا جھوٹا کھانا کیساہے؟ اور بزرگوں کا جھوٹا کھانا کیسا ہے؟ (۱۴۹۸/۱۳۳۷ھ)
الجواب: غیر محرم مرد کاجھوٹا کھانا اور پانی عورتوں کو اچھا نہیں ہے، لیکن بزرگوں اور صلحاء کا جھوٹا تبرکاً درست ہے(۱) فقط
میاں بیوی کا ایک پیالہ میں دودھ چاول کھانا درست ہے
سوال:(۲۴) ایک شخص نے اپنی عورت کے ساتھ ایک پیالہ میں دودھ چاول کھائے، درست ہے یانہیں؟(۱۲۷۷/۱۳۳۹ھ)
الجواب: درست ہے، اس سے کچھ حرمت زوجین میں نہیں ہوتی۔
حلال جانور کے بچے کوعورت نے دودھ پلایاہوتو اس کا کھانا حلال ہے
سوال:(۲۵) ہندہ نے کسی حلال جانور کے بچہ کو دودھ پلایا، تو اس جانور کاکھاناجائز ہے یا نہیں؟(۵۲۶/۱۳۴۵ھ)
الجواب: اس جانور کوکھانا حلال ہے کیوں کہ رضاعت کاحکم انسان کے ساتھ خاص ہے، جیسا کہ درمختار میں ہے: باب الرّضاع: ھولغۃ۔۔۔۔۔مص الثّدی وشرعًا: مص من ثدی آدمیۃ الخ قولہ:(آدمیۃ) خرج بھاالرّجل والبھیمۃ الخ(۱) (شامی) فقط
جذامی کے ساتھ کھاناکھانا
سوال:(۲۶) جذامی(۲) کے ساتھ میل معاملہ کرنا اور کھانا پینا کیساہے؟(۹۰۷/۱۳۴۲)
الجواب:حدیث شریف میں ہردوامروارد ہیں، آنحضرت ﷺ نے جذامی کے ساتھ کھانا بھی کھایاہے اور یہ فرمایا کہ کُل ثقۃً باللہ: یعنی کھاتو ہمارے ساتھ ہمارا بھروسہ اللہ پرہے۔ (۳) اور یہ بھی حدیث شریف میں وارد ہے: فِرَّمِنَ المجذوم کما تفرّمن الأھد(۴) یعنی جذامی سے علیحدہ رہو جس طرح شیر سے بھاگتے ہو، پس تطبیق اس میں اس طرح ہے کہ اگر اللہ پر بھروسہ کرکے اس کے ساتھ کھالے تو یہ بھی جائز ہے، اور اگردل میں تردد اور شبہ ہوتو علیحدہ رہے۔
سوال:(۲۷)جذامی کے ساتھ تندرس کوکھانا درست ہے یانہ؟(۱۲۸۵/۱۳۴۰ھ)
الجواب: نہیں کھانا چاہیے اور اس سے علیحدہ رہنا چاہیے جیسا کہ وارد ہے کہ جذامی سےا یسا بھاگو جیسا کہ شیر سے بھاگتے ہیں،ا ور جس شخص کاتوکل قوی ہو وہ کھابھی سکتاہے، چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے ایک جذامی کے ساتھ کھایاہے اور فرمایا ہے: کل ثقۃً باللہ
بھنگی اورچمار کے ساتھ ایک برتن میں کھانا
سوال:(۲۸) کفار اور مشرکین میں سے چوہڑے بھنگی اور چمار کے ساتھ ایک برتن میں کھانا مسلمان کو جائز ہے یانہ؟(۱۴۳۸/۱۳۴۰ھ)
الجواب: یہ تو کتب فقہ درمختار وغیرہ میں تصریح ہے کہ آدمی کاجھوٹا اگرچہ وہ کافر ہوپاک ہے(۱)اس لیے گنجائشِ جواز ہے، لیکن مسلمان کے لیے یہ بہتر نہیں ہےکہ کفار کے ساتھ ایک برتن میں کھانا وغیرہ کھاوے۔ فقط
زچّہ کے ہاتھ کا بنا ہوا کھانا کھانا درست ہے
سوال:(۲۹) جس عورت کے بچہ پیدا ہواس کے ہاتھ کا کھانا چالیس روز کے اندرجائز ہے یانہیں؟(۲۳۱۸/۱۳۴۱ھ)
الجواب: چالیس روز سے قبل اس عورت کے ہاتھ کاکھانا پکا ہواکھانا درست ہے۔ فقط
ہم بستری کے بعد غسل سے پہلے کھانا درست ہے
سوال:(۳۰)…(الف) بعدازجماع قبل از غسل کسی قسم کی چیز کھانا درست ہے یا نہیں؟ ۔۔۔(ب) بعد از جماع دودھ وغیرہ لینا یا شیرینی قبل از غسل کھانا درست ہے یانہیں؟(۹۴۹/۴۴-۱۳۴۵ھ)
الجواب:(الف) درست ہے۔۔۔۔(ب) درست ہے۔فقط
سوال:(۳۱)حالت جنابت میں شرعًا کھانا پینا جائز ہے یانہیں؟( ۱۱۲۲/۱۳۳۵ھ)
الجواب: حالت جنابت میں کھانا پینا درست ہے(۱)فقط
مجامعت کی حالت میں بچہ کو دودھ پلانا
سوال:(۳۲) مجامعت کی حالت میں عورت بچہ کو دودھ پلاسکتی ہے یانہیں؟ جائز ہے یانہیں؟(۱۱۹۰/۱۳۳۵ھ)
الجواب: اس حالت میں دودھ پلانا درست ہے۔
(فتاویٰ دارالعلوم دیوبند، جلد ۱۶)۔۔۔جاری ہے۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button