
ناندیڑ:(نمائندہ)21جون: ناندیڑشہر میں ایک شخص کے قتل کی واردات پیش آئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق 21 جون کی نصف شب کے بعد تقریباً ڈیڑھ سے دو بجے کے درمیان شیخ شمیم شیخ اسحاق اپنے ایک دوست کے ساتھ واگھی روڈ پر واقع ایک پان ٹپری کے قریب اوٹلے پر بیٹھے ہوئے تھے۔ اسی دوران چند نامعلوم افراد موٹر سائیکلوں پر وہاں پہنچے اور مبینہ طور پر درگاہ کا پتہ پوچھنے لگے۔
بتایا جاتا ہے کہ جیسے ہی شیخ شمیم انہیں پتہ بتانے لگے، ان کے دوست کی نظر حملہ آوروں میں سے ایک شخص کے ہاتھ میں موجود پستول پر پڑی۔ حالات کی سنگینی کا احساس ہوتے ہی خبردار کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم اس سے پہلے ہی حملہ آوروں نے شیخ شمیم پر جان لیوا حملہ کر دیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کی اور بعد ازاں تیز دھار ہتھیار سے متعدد وار کیے، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن دورانِ علاج صبح تقریباً پانچ بجے ان کا انتقال ہو گیا۔
واقعہ کے مقام سے فائرنگ کے شواہد ملنے کی بھی اطلاعات ہیں اور مبینہ طور پر گولیوں کے خول برآمد ہونے کی بات سامنے آ رہی ہے، تاہم اس کی سرکاری تصدیق تاحال تفتیشی اداروں کی جانب سے نہیں کی گئی ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رامیشور وینجنے، پولیس انسپکٹر اجیت کمبھار، اتل بھوسلے اور دیگر افسران و اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کر کے شواہد اکٹھا کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
فی الحال حملہ آوروں کی شناخت سامنے نہیں آ سکی ہے، تاہم پولیس مختلف زاویوں سے تیزی کے ساتھ تحقیقات کر رہی ہے۔ شہر میں اس نوعیت کے سنگین جرائم کے دوبارہ رونما ہونے سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ قتل کے پس پردہ اصل محرکات، حملہ آوروں کی شناخت اور ان کے مقصد سے متعلق حقائق پولیس تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہو سکیں گے۔



