
ناندیڑ: (نمائندہ)18؍اگست: ناندیڑ شہر کے بس اسٹینڈ علاقے میں منگل کے روز ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں بس اسٹینڈ سے باہر نکل رہی ایس ٹی بس کی زد میں آکر 37 سالہ خاتون کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ خاتون بس اسٹینڈ میں داخل ہو رہی تھیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق، ادگیر جانے والی ایس ٹی بس نمبر 24AU 554 بس اسٹینڈ سے باہر نکل رہی تھی۔ اسی دوران انجنا گلاب راؤ بھرکڑے (37)، ساکن کاؤڈگاؤں، تعلقہ لوہا بس اسٹینڈ کی جانب آ رہی تھیں۔ اسی دوران بس اور خاتون کے درمیان تصادم ہوگیا۔ حادثہ کس طرح پیش آیا، اس کی مکمل وجوہات تاحال واضح نہیں ہوسکی ہیں۔بس کی ٹکر سے خاتون شدید زخمی ہوگئیں اور ان کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور متوفیہ کی نعش قبضے میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کردی۔پولیس حادثے کی اصل وجہ اور حالات کی تفتیش کر رہی ہے۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی حادثے کی حقیقی وجوہات سامنے آسکیں گی۔ اس افسوسناک واقعے سے متوفیہ کے اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے، جبکہ علاقے میں بھی افسوس کی لہر پائی جاتی ہے۔



