ناندیڑ:یوتھ ویلفیئر کا بلڈ ڈونیشن کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر
یومِ آزادی پر شہداء وطن کو خراجِ عقیدت، انسانیت کی خدمت کے لیے خون کا عطیہ پیش کیا

ناندیڑ: 16 اگست:یومِ آزادی کے موقع پر شہداء وطن اور مجاہدینِ آزادی کی یاد میں یوتھ ویلفیئر، ویلفیئر پارٹی آف انڈیا ناندیڑ کے زیرِ اہتمام دیگلور ناکہ، ناندیڑ میں ایک عظیم الشان بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا، جو عوامی خدمت، حب الوطنی اور انسانی ہمدردی کی ایک خوبصورت مثال بن کر سامنے آیا۔کیمپ میں نوجوان، سماجی کارکنان اور محبِ وطن شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دیا۔ اس موقع پر ہر خون کا قطرہ انسانیت کے نام ایک پیغام اور ضرورت مند مریضوں کے لیے امید کی ایک نئی کرن ثابت ہوا۔کیمپ کا افتتاح معروف سماجی شخصیت ایڈووکیٹ شیخ حمید صاحب، ڈاکٹر شاہد صاحب اور محمد نعیم پاشا صاحب کے ہاتھوں انجام پایا۔ جبکہ ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے ریاستی سیکریٹری ایس۔ ایم۔ صمیم اور مراٹھواڑہ ریجنل کوآرڈینیٹر عبدالرحیم صاحب نے خصوصی طور پر شرکت کرکے منتظمین اور خون عطیہ کرنے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔کیمپ کا باقاعدہ آغاز ڈاکٹر شاہد، ڈاکٹر ساجد اور جناب سید معزالرحمن نے خون کا عطیہ پیش کرتے ہوئے کیا۔ اس منظر نے وہاں موجود نوجوانوں میں خدمتِ خلق کا نیا جذبہ پیدا کیا اور متعدد افراد نے پہلی مرتبہ خون عطیہ کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوتھ ویلفیئر ناندیڑ کے صدر شیبان عبداللہ نے کہا: "خون کا عطیہ صرف ایک طبی ضرورت پوری کرنے کا عمل نہیں بلکہ کسی اجنبی کی زندگی بچانے کا عظیم انسانی فریضہ ہے۔ ہم عوام کی بے لوث خدمت کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔ ایسے کیمپ دراصل عوام سے ہمارے تعلق اور خدمت کے عزم کا اظہار ہیں۔ ہمارا اصل مقصد ناندیڑ کے ہر شہری، خصوصاً پسماندہ طبقات کی زندگی میں بہتری اور خوشحالی لانا ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ یوتھ ویلفیئر مستقبل میں بھی بلڈ ڈونیشن کیمپ، میڈیکل کیمپ، روزگار رہنمائی کیمپ، اسکل ڈیولپمنٹ اور لیڈرشپ ڈیولپمنٹ پروگرامز کا انعقاد جاری رکھے گا تاکہ ناندیڑ کو ایک مثالی اور خوشحال شہر "ویلفیئر سٹی” بنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔اس موقع پر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا، ناندیڑ کے شہر صدر، شیخ محمود اور ضلع نائب صدر، شفاعت خان نے کہا کہ یہ کیمپ آزادی کے متوالوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ضرورت مند مریضوں کی زندگیوں میں امید و خوشی پیدا کرنے کی ایک مخلصانہ کوشش ہے۔کیمپ کی کامیابی میں یوتھ ویلفیئر کے نوجوان ساتھی سید اذہان ہاشمی، سعد تور، محمد ریحان، محمد فرحان، محمد عظمت الدین، سید زبیر اور دیگر ساتھیوں نے بھرپور محنت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث یہ پروگرام انتہائی کامیاب رہا۔انسانیت کی خدمت، قومی یکجہتی اور سماجی ذمہ داری کے جذبے سے سرشار یہ بلڈ ڈونیشن کیمپ ناندیڑ میں ایک مثبت اور یادگار پیغام چھوڑ گیا کہ "خون کا ایک عطیہ کسی کی پوری زندگی بچا سکتا ہے۔”



