ناندیڑ

حج 2027: ناندیڑ میں منتخب عازمین کی پہلے مرحلے کی طبی جانچ کا آغاز

ناندیڑ، ۹ ستمبر: حج کمیٹی آف انڈیا کی ہدایات کے مطابق حج 2027 کے لیے منتخب عازمین کی دو مرحلوں پر مشتمل طبی جانچ اور فٹنس سرٹیفکیشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں منگل 8 ستمبر کو ناندیڑ شہر کے حیدر باغ پانی کی ٹنکی کے قریب واقع میونسپل کارپوریشن کے حیدر باغ ہاسپٹل میں منتخب عازمین کے لیے پہلے مرحلے کی میڈیکل اسکریننگ کا کیمپ منعقد کیا گیا۔حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے جاری رہنما ہدایات کے مطابق منتخب عازمین کے لیے ضروری طبی ٹیسٹ اور فٹنس سے متعلق کارروائی مکمل کرنا لازمی ہے۔ ہدایات میں عازمین کو سول ہاسپٹل، سول سرجن یا میونسپل کارپوریشن کے ایسے اسپتال میں طبی جانچ کروانے کی ہدایت دی گئی ہے، جہاں تمام ضروری طبی سہولیات دستیاب ہوں۔ناندیڑ ضلع سے حج 2027 کے لیے منتخب ہونے والے تقریباً 580 عازمین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے خادم حجاج ٹرسٹ کی جانب سے میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ افسران سے رابطہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں عازمین کی سہولت کے لیے حیدر باغ ہاسپٹل میں میڈیکل اسکریننگ کیمپ منعقد کرنے کی منظوری حاصل کی گئی، جس کے بعد 8 ستمبر سے طبی جانچ کا عمل شروع ہوا۔ میڈیکل اسکریننگ کے دوران عازمین کے ایکس رے، ای سی جی، بلڈ ٹیسٹ اور دیگر ضروری طبی جانچ کی جا رہی ہے۔ یہ کیمپ آئندہ چند دنوں تک جاری رہے گا، تاکہ ناندیڑ شہر کے ساتھ ساتھ ضلع کے مختلف علاقوں سے منتخب ہونے والے عازمین بھی مقررہ طریقہ کار کے مطابق اپنی طبی جانچ مکمل کرا سکیں۔یہ طبی کیمپ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کی کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوی فوڑے، ڈپٹی کمشنر اجیت پال سنگھ سندھو اور ایم او ایچ ڈاکٹر ہنمنت ریٹھے کی ہدایت پر منعقد کیا گیا۔ حیدر باغ ہاسپٹل کے ایچ او ڈی ڈاکٹر کاظم قیام الدین، میڈیکل آفیسر ڈاکٹر رافع انصاری، ڈاکٹر عمران، ڈاکٹر سچین، ڈاکٹر واجد ہاشمی، ڈاکٹر شارخ، ڈاکٹر مادھوی مہندریکر، ڈاکٹر امرین اور ڈاکٹر سپریہ سمیت طبی عملے نے عازمین کی طبی جانچ میں اپنی خدمات انجام دیں۔ بلڈ ٹیسٹ سمیت مختلف طبی ٹیسٹوں کے لیے مہالیب کے اسٹاف نے بھی اپنی خدمات فراہم کیں۔دوسری جانب عازمین کی سہولت اور رہنمائی کے لیے خادم حجاج ٹرسٹ کے خادمین کی جانب سے خصوصی کاؤنٹر قائم کیے گئے۔ خادموں نے عازمین کے فارم اور متعلقہ دستاویزات کی جانچ، کاؤنٹر سے متعلق رہنمائی، ڈاکٹروں تک پہنچنے اور میڈیکل اسکریننگ کے مختلف مراحل کو مکمل کرنے میں عازمین کی بھرپور مدد کی۔ عازمین کو ایک کاؤنٹر سے دوسرے کاؤنٹر تک لے جانے اور طبی جانچ کے پورے عمل کو سمجھانے میں بھی خادم مصروف رہے۔خادم حجاج ٹرسٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ عازمین حج کی رہنمائی کا یہ سلسلہ صرف میڈیکل اسکریننگ تک محدود نہیں رہے گا بلکہ حج کے لیے روانگی تک عازمین کو ضروری رہنمائی اور ممکنہ تعاون فراہم کیا جاتا رہے گا، تاکہ مقدس سفر کی تیاری کے دوران انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ناندیڑ ضلع سے منتخب تقریباً 580 عازمین میں شہر کے علاوہ ضلع کے مختلف تعلقہ جات سے تعلق رکھنے والے عازمین بھی شامل ہیں۔ تعلقہ جات سے منتخب عازمین کو اپنی سہولت کے مطابق اپنے متعلقہ مقامات پر طبی جانچ مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ ناندیڑ شہر کے عازمین کے لیے حیدر باغ ہاسپٹل میں یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔حج کمیٹی آف انڈیا کی ہدایات کے مطابق پہلے مرحلے کی طبی جانچ مکمل ہونے کے بعد متعلقہ فٹنس دستاویزات مقررہ وقت کے اندر جمع کرانا ضروری ہوگا، جبکہ حج روانگی کے قریب دوسرے مرحلے کی طبی اسکریننگ بھی کی جائے گی۔اس موقع پر خادم حجاج ٹرسٹ کے جن خادمین نے اپنی خدمات انجام دی ان میں عقیل احمد قندہاری، محمد نوید اقبال ، ایڈوکیٹ ندیم، محمد اختر فاروق عرف چھوٹو بھائی، الحاج محمد ظہیر الدین سر، سکندر لولانیہ، میر جاوید علی، شیخ معین، ایڈوکیٹ محسن،بشیر احمد ،ایڈوکیٹ جاوید، مجیب بھائی ، اقبال سر ، الحاج جنید ورثانی، نور الحسنین اور حیدر علی شامل ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button