تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے دسویں جماعت کا طالب علم جاں بحق

لوہا: (نمائندہ)23؍فروری: ناندیڑ-لاتور قومی شاہراہ پر پیر کی شام تقریباً ۵ بجے ایک دل دہلا دینے والاسڑک حادثہ پیش آیا۔ ایک تیز رفتار ٹرک کی شدید ٹکر سے دسویں جماعت میں زیر تعلیم ۱۷ سالہ طالب علم کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ مہلوک طالب علم کا نام بھاگوت شیام سندر شندے (ساکن جاناپوری، تعلقہ لوہا) بتایا گیا ہے۔ فی الحال بورڈ کے امتحانات جاری ہیں، ایسے میں اچانک پیش آئے اس حادثے کی وجہ سے ہر طرف غم و افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
موصولہ معلومات کے مطابق، بھاگوت شندے پیر کی شام اپنی موٹر سائیکل (MH 26 CS) پر گھر کی طرف جا رہا تھا۔ کھربی پھاٹہ سے سڑک پار کر کے جاناپوری جاتے وقت، ناندیڑ سے لاتور کی سمت آنے والے تیز رفتار ٹرک (CG 08 CX 9272) نے اس کی موٹر سائیکل کو زوردار ٹکر مار دی۔ یہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بھاگوت کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
بھاگوت دسویں جماعت کا طالب علم تھا اور فی الحال اس کے بورڈ کے امتحانات چل رہے تھے۔ امتحان کی تیاری اور مستقبل کے خواب آنکھوں میں سجائے اس طالب علم کے ساتھ یہ المناک حادثہ پیش آیا۔ ایک ہونہار طالب علم کے انتقال سے جاناپوری گاؤں اور اس کے اسکول کے دوستوں میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سون کھیڑ پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے جائے وقوع پر پہنچ کر پنچ نامہ کیا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا ہے اور حادثے کی وجہ سے متاثرہ ٹریفک کو بحال کر دیا ہے۔ اس معاملے میں سون کھیڑ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔



