خواتین کے مالی حقوق شریعت اسلامی کی روشنی میں-۴

مردوں سے زیادہ حصہ
بہت سی صورتوں میں عورتوں کا حصہ مردوں سے بڑھ جاتا ہے ، چند صورتیں ذیل میں نقل کی جاتی ہیں:
(۱) اگر کسی عورت کا انتقال ہوا اور اس نے شوہر، باپ ، ماں اور دوبیٹیوں کو چھوڑا اور بالفرض اس کا ترکہ ساٹھ لاکھ روپئے پر مشتمل ہو، تو دونوں بیٹیوں کوبتیس لاکھ روپئے یعنی فی کس سولہ لاکھ روپئے ملیں گے اور اگر اس نے شوہر ، باپ، ماں کے علاوہ دو بیٹوں کو چھوڑا ہوتو وہ پچیس لاکھ یعنی فی کس ساڑھے بارہ لاکھ روپئے کے حقدار ہوں گے۔۔اسی طرح اگر کسی عورت کے ورثہ میں شوہر، ماں اور حقیقی بہیں ہوں اور مثال کے طورپر اس کا ترکہ اڑتالیس لاکھ ہوتو دونوں بہنوں کو چوبیس یعنی فی کس بارہ لاکھ ملے گا، اور اسی صورت میں اگر دوبہنوں کے بجائے دوحقیقی بھائی ہوں ، تو ان کاحصہ سولہ لاکھ یعنی فی کس آٹھ لاکھ ہوگا، ان صورتوں میں عورت کا مقررہ حصہ دوتہائی اس حصہ سے بڑھ جاتا ہے ، جو مرد کو بطور عصبہ حاصل ہوتاہے۔
(۲) بعض صورتوں میں عورت نصف ترکہ کی مستحق ہوتی ہے، یہ اس کا مقررہ حصہ ہے جب کہ اس کے ہم درجہ مرد کا حصہ کم بنتاہے، جیسے ایک عورت نے شوہر، باپ، ماں اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہوتواگر ترکہ ایک کروڑ چھپن لاکھ روپئے پرمشتمل ہوتو بیٹی بہتر لاکھ کی مستحق ہوگی، اس صورت میں اگر بیٹی کی جگہ بیٹا ہوتو اس کا حصہ پینسٹھ لاکھ ہوگا۔ بعض دفعہ تو یہ فرق بہت زیادہ ہوجاتا ہے ، جیسے کسی عورت کے ورثہ میں شوہر ہو، ماں ہواور حقیقی بہن ہو اور فرض کیجئے کہ مرحومہ کا ترکہ اڑتالیس لاکھ ہو، تو بہن کاحصہ اٹھارہ لاکھ ہوگا اور اس صورت میں اگربہن کے بجائے بھائی ہوتو اس کاحصہ صرف آٹھ لاکھ ہوگا۔
(۳) بعض دفعہ عورت کامقررہ تہائی حصہ بھی اپنے مقابل مرد رشتہ دار سے زیادہ ہوجاتا ہے، مثلاً ایک شخص نے بیوی، ماں، دوحقیقی بھائی اور دوماں شریک بہنوں کوچھوڑا اور فرض کیجئے کہ مرنے والے کاترکہ اڑتالیس لاکھ روپئے تھا تو دونوں ماں شریک بہنوں کوسولہ یعنی فی کس آٹھ لاکھ روپئے ملیں گے اور دونوں حقیقی بھائیوں کاحصہ بارہ یعنی فی کس چھ لاکھ ہوگا۔
اسی طرح اگر عورت نے شوہر، دوماں شریک اور دو حقیقی بھائیوں کو چھوڑا ہو اور مثلاً اس کا ترکہ ساٹھ لاکھ روپئے ہو، تو دونوں بہنوں کاحصہ بیس لاکھ ہوگا اور دونوں بھائیوں کا دس لاکھ۔
(۴) بعض دفعہ خواتین کامقررہ حصہ ترکہ کاچھٹا حصہ ہوتاہے، لیکن وہ اس کے مقابل مرد رشتہ دار سے بڑھ جاتاہے ، جیسے ماں شریک بہن کا مقررہ حصہ چھٹا حصہ ہے، اب اگر کسی عورت نے شوہر، ماں ،ایک ماں شریک بہن اور دوحقیقی بھائیوں کوچھوڑا ہو، تو اگر ساٹھ لاکھ ترکہ ہوتو بہن کو دس لاکھ ملے گا اور دوبھائیوں کوبھی دس لاکھ یعنی فی کس پانچ لاکھ ملے گا، اس طرح کی اور بھی متعدد صورتیں ہیں۔
جب صرف عورت وارث بنتی ہے
بعض حالتیں ایسی ہیں کہ جن میں عورت وارث بنتی ہے، مرد وارث نہیں بنتا، جیسے ایک عورت نے شوہر، باپ، ماں، بیٹی اورپوتی کو چھوڑا ہوتو پوتی چھٹے حصے کی حقدار ہوگی، لیکن اسی صورت میں اگر پوتی کے بجائے پوتا ہوتو اس کو کچھ نہیں ملےگا، اسی طرح اگر شوہر، حقیقی بہن اور باپ شریک بہن وارث ہوں تو باپ شریک بہن چھٹے حصہ کی مستحق ہے اور اگر اس کی جگہ باپ شریک بھائی ہوتو اس کو کچھ نہیں ملے گا، ان کے علاوہ بھی متعدد صورتیں ہیں، جن میں خواتین حصہ پاتی ہیں اور ان کے مقابل مرد رشتہ دار حصہ نہیں پاتے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔جاری ہے، ان شاء اللہ تعالیٰ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔



