واجے گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے شیخ الطاف جاں بحق

ناندیڑ: (شیخ شفیق)21؍اکتوبر: ناندیڑ کے قریب واجے گاؤں میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کرکٹ کھیلنے کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان کھلاڑی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ اس حادثے میں نوجوان کی جیب میں رکھا موبائل فون بھی دھماکے سے پھٹ گیا۔متوفی نوجوان کی شناخت شیخ الطاف ابن شیخ قیوم (ساکن اقبال نگر، ناندیڑ) کے طور پر ہوئی ہے۔ شیخ الطاف پیشے سے گتہ دار (کنٹریکٹر) تھے اور فارغ وقت میں کٹ کیٹ کرکٹ کے سرگرم کھلاڑی بھی تھے۔منگل کی شام وہ اپنے دوستوں کے ساتھ واجے گاؤں کے میدان میں کرکٹ کھیل رہے تھے۔ اسی دوران اچانک موسم نے کروٹ لی اور بارش شروع ہوگئی۔ بارش سے بچنے کے لیے شیخ الطاف نے قریب ہی موجود ایک درخت کے نیچے پناہ لی، لیکن بدقسمتی سے اسی درخت پر آسمانی بجلی آن گری۔بجلی کی زد میں آنے سے شیخ الطاف بری طرح جھلس گئے اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے وقت الطاف کی جیب میں موجود موبائل فون بھی پھٹ گیا۔اس دل خراش حادثے سے علاقے میں غم و اندوہ کی فضا چھا گئی ہے، جبکہ دوست و احباب اور مقامی نوجوانوں نے ان کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔



