ناقص معیار کی سپاری پر ایف ڈی اے کی بڑی کارروائی، 86 لاکھ روپے مالیت کا ذخیرہ ضبط

ناندیڑ، 25 جون: محکمۂ خوراک و ادویات انتظامیہ (ایف ڈی اے) نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے ناندیڑ ضلع میں ناقص معیار کی ہونے کے شبہ میں بھاری مقدار میں سپاری ضبط کرلی۔ اس کارروائی میں تقریباً 29 ہزار 676 کلوگرام سپاری برآمد ہوئی، جس کی تخمینی مالیت 86 لاکھ 36 ہزار 586 روپے بتائی گئی ہے۔ریاست مہاراشٹر کے کمشنر برائے خوراک و ادویات تکارام منڈے کی ہدایت پر 22 جون 2026 کو سولاپور–ناگپور شاہراہ پر واقع پاڑدی ٹول ناکہ (تحصیل اردھاپور، ضلع ناندیڑ) پر کارروائی کی گئی۔ اس دوران KA 29 B 6880 نمبر کی گاڑی کی تلاشی لی گئی، جس میں موجود سپاری کا معیار مشتبہ محسوس ہونے پر اس کے دو نمونے لیبارٹری جانچ کے لیے بھیج دیے گئے جبکہ باقی پورا ذخیرہ ضبط کر لیا گیا۔یہ کارروائی فوڈ سیفٹی افسران شلبا شری رامے، امرتا دودھاٹے، ارون تمڈوار اور اے۔ این۔ گیری کی ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر آر۔ ایم۔ بھرکڑ اور چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن کے جوائنٹ کمشنر (فوڈ) شریکانت کرکالے کی رہنمائی میں انجام دی۔دریں اثنا، محکمۂ خوراک و ادویات انتظامیہ نے ریاست بھر کے ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، کھانے پینے کے مراکز اور دیگر فوڈ سروس اداروں کو فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 کے تحت جاری ضابطوں پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی ہے۔اسی سلسلے میں 25 جون 2026 کو ناندیڑ کے ہوٹل منٹ، چھترپتی چوک میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر آر۔ ایم۔ بھرکڑ اور ایس۔ ڈی۔ جنتورکر نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ تمام فوڈ سیفٹی قوانین کی مکمل پابندی کریں۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ خوراک کی حفاظت سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آئندہ بھی سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔



