ناندیڑ:ایس آئی او انڈیا کی بڑی سائنسی نمائش میں مدینتہ العلوم ہائی اسکول کی شاندار کامیابی

ناندیڑ (5 دسمبر 2025) : اِسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) ضلع ناندیڑ کی جانب سے منعقد ہونے والے عظیم الشان ضلعی تعلیمی پروگرام ارتقاء ایجوکیشن فیسٹ 2.0 کے تحت ناندیڑ شہر کے حیدر گارڈن فنکشن ہال میں منعقدہ بڑی سائنسی نمائش میں ناندیڑ کے ممتاز تعلیمی ادارے مدینتہ العلوم ہائی اسکول نے اپنی بہترین سائنسی کارکردگی اور تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ نمایاں شرکت کرتے ہوئے اس سال دو ترغیبی انعامات جیت کر شاندار کامیابی حاصل کی۔ اس مقابلے کا مقصد طلبہ میں علم، تحقیق، اخلاقی اقدار، معاشرتی خدمت کا جذبہ، جدت، اختراع، روبوٹکس، فلکیات اور بایومیڈیکل ماڈلز کے حوالے سے سائنسی شعور و رجحان اور عملی مہارت کو فروغ دینا تھا۔ مدرسہ ہذا کی ہونہار طالبات آمنہ نورین ذکی الدّین احمد، عائشہ سوزین شیخ ادریس اور صفورہ کوثر عبدالحفيظ نے سولر پاورڈ ملٹی پرپز چھتری کا ماڈل پیش کیا جس میں سولر لائٹ، یو ایس بی فین اور موبائل چارجر جیسی جدید خصوصیات شامل تھیں۔ تخلیقی سوچ، عملی افادیت اور سائنسی بنیادوں کے باعث اس ماڈل کو بہترین ترغیبی انعام میں ٹرافی اور توصیفی اسناد سے نوزا گیا۔ اسی طرح مدرسہ ہذا کے ہونہار طلبہ محمد واثق الدّین محمد صلاح الدّین، محمد شاہد محمد عابد اور محمد صلاح الدّین خیرالدّین نے بائی سائیکل وِتھ وہیل چیئر اَٹیچمنٹ کا شاندار اختراعی ماڈل تیار کیا جو معذور افراد کے لیے کم خرچ اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کرتا ہے۔ ججز نے اس سماجی مفاد پر مبنی کارآمد ایجاد کو سراہتے ہوئے بہترین ترغیبی انعام میں ٹرافی اور توصیفی اَسناد سے نوازا گیا۔ واضح ہو کہ دونوں انعام شدہ ٹیموں کی رہنمائی مدینتہ العلوم ہائی اسکول کی محنتی، فعّال اور قابلِ احترام سائنس ٹیچر محمدی عظمیٰ خان صاحبہ نے کی، جنہوں نے تیاری کے تمام مراحل میں طلبہ و طالبات کی سائنسی رہنمائی، پریزنٹیشن ٹریننگ اور عملی مشقوں میں بھرپور تعاون کیا۔ دراصل مدینتہ العلوم ہائی اسکول کی یہ دوہری کامیابی طلبہ کی محنت، لگن، سائنسی فکر اور اساتذہ کی مثالی تربیت کا روشن ثبوت ہے اور ادارے کے لیے باعثِ فخر اعزاز قرار دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر اسکول ہذا کی صدر معلّمہ متین اطہر فاطمہ صاحبہ اور تدریسی و غیر تدریسی عملے نے ہونہار کامیاب طلبہ و طالبات اور معلّمہ محمدی عظمیٰ خان صاحبہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔



