ہلدی سے بھرا ٹرک غائب کرنے کی کوشش کو امباجوگائی ڈی بی اسکواڈ نے کیابے نقاب،مال کے ساتھ ملزمان گرفتار

امباجوگائی: (بذریعہ شیخ شفیق): امباجوگائی دیہی پولیس اسٹیشن کی ڈی بی اسکواڈ نے ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے چوری کی واردات کا پردہ فاش کیا اور 40 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ہلدی سمیت ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 3 اکتوبر 2025 کو پریتش دُرگا پرساد سونی نامی شخص نے امباجوگائی دیہی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی کہ ہنگولی سے سانگلی کے لیے روانہ ہونے والا ٹرک (نمبر MH-26-AD-2935) جس میں 30 ٹن ہلدی، کل مالیت 41 لاکھ 75 ہزار 535 روپے تھی، اسے یکم اکتوبر کو امباجوگائی کے لوہنڈی ساورگاؤں کے قریب پانچ سے چھ نامعلوم افراد نے روکا۔ چوروں نے ٹرک ڈرائیور سید اصغر کو چاقو دکھا کر زدوکوب کیا اور ٹرک لے کر فرار ہوگئے۔
ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس کو شبہ ہوا کہ یہ واردات جعلی تھی۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ٹرک ڈرائیور سید اصغر اور ٹرک مالک ندیم خان نے خود ہی جھوٹا واقعہ گھڑ کر مال غائب کیا اور پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ اس سازش کے تحت انہوں نے امانت میں خیانت اور دھوکہ دہی کی، جس پر ان کے خلاف امباجوگائی دیہی پولیس اسٹیشن میں جرم نمبر 332/2025 کے تحت متعلقہ دفعات کے مطابق مقدمہ درج کیا گیا۔
اس کیس کی تفتیش اے پی آئی رنگناتھ جگتاپ کے سپرد کی گئی۔ بیڑ ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نوینت کاوت، ایڈیشنل ایس پی چیتنا تڈکے اور ڈی وائی ایس پی رُشیکیش شندے کی ہدایت پر پولیس انسپکٹر مرلی دھر کھوکلے نے خصوصی اسکواڈ تشکیل دیا۔ پی ایس آئی اسد شیخ، اے ایس آئی رمیش شیراسٹ، اور پولیس حوالدار کسان گھولَوے پر مشتمل ٹیم کو فوری کارروائی کے لیے پربھنی روانہ کیا گیا۔
پولیس ٹیم نے انتہائی چابک دستی سے جال بچھا کر محض 24 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کیا اور چوری شدہ 40 لاکھ روپے مالیت کی ہلدی (570 بورے) برآمد کرلی۔ اس کامیاب کارروائی پر پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران نے ٹیم کی تعریف کی۔
اس کیس کی کامیاب تفتیش اور مال کی بازیابی میں پولیس انسپکٹر مرلی دھر کھوکلے، تفتیشی افسر رنگناتھ جگتاپ، ڈی بی اسکواڈ کے انچارج اسد شیخ، پی ایس آئی رحیم چودھری، اے ایس آئی رمیش شیراسٹ، اور پولیس اہلکار کسان گھولَوے، بابوراؤ گھوگے، پروین اُلے، بلی رام باسر، کلیان دیشمانے، نرائن گائکواڑ، سنگرام سانگوی، شبھم راوت، دھمّانند واول، روی چوہان، جے دیپ کسابے، راہول بھوسلے، نوناتھ منڈے، جسونت شیپ، بابا صاحب ڈونگرے، اور ویویکا نند سولنکے نے بھرپور تعاون کیا۔
افسران بالا نے اس تیز رفتار اور کامیاب کارروائی پر ٹیم کے تمام ارکان کی ستائش کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔



