
ناندیڑ:(تہلکہ نیوز بیورو) 17 جولائی: بھارتی الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (Special Intensive Revision – SIR) کے پروگرام کا نظرثانی شدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ حالیہ شدید بارشوں کے پیش نظر مہاراشٹر کے چیف الیکشن آفیسر کی جانب سے کی گئی مدت میں توسیع کی درخواست منظور کرتے ہوئے کمیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے۔نئے شیڈول کے مطابق، بوتھ لیول افسران (BLO) کی جانب سے گھر گھر جاکر ووٹروں کی جانچ اور معلومات جمع کرنے کی مہم 30 جون سے 8 اگست 2026 تک جاری رہے گی۔ اسی مدت کے دوران پولنگ مراکز کی تنظیمِ نو اور ضروری تبدیلیوں کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔اس کے بعد 17 اگست 2026 کو ووٹر لسٹ کا ابتدائی مسودہ (Draft Electoral Roll) شائع کیا جائے گا۔ 17 اگست سے 16 ستمبر 2026 تک ووٹر اپنے نام کے اندراج، ترمیم یا اعتراضات سے متعلق دعوے اور اعتراضات جمع کرا سکیں گے۔ جبکہ 17 اگست سے 15 ستمبر کے درمیان نوٹس جاری کرنے، سماعت اور دعوے و اعتراضات کے تصفیے کی کارروائی مکمل کی جائے گی۔نظرثانی کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد 19 اکتوبر 2026 کو حتمی ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی۔اسسٹنٹ چیف الیکشن آفیسر منوہر پارکر نے اہل شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر گنتی فارم (Enumeration Form) بھر کر جمع کرائیں تاکہ ان کا نام ووٹر لسٹ میں شامل کیا جا سکے اور انتخابی عمل کو کامیاب بنانے میں انتظامیہ کا تعاون کریں۔



