
ممبئی: (تہلکہ نیوز بیورو)4؍اگست:ریاست بھر میں جاری ووٹر لسٹ کی خصوصی گہرائی سے نظرِ ثانی (Special Intensive Revision – SIR) مہم کی مدت میں الیکشن کمیشن نے توسیع کر دی ہے، جس سے وہ شہری جن کا نام اب تک ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہو سکا، انہیں بڑی راحت ملی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نئے شیڈول کے مطابق، بوتھ لیول افسران (BLO) اب 17 اگست 2026 تک گھر گھر جا کر ووٹروں کی جانچ اور تصدیق کا کام جاری رکھیں گے۔نظرِ ثانی شدہ پروگرام کے مطابق 17 اگست کو پولنگ مراکز کی ازسرِ نو تنظیم (Reorganization) کی جائے گی، جبکہ 24 اگست کو ابتدائی (مسودہ) ووٹر لسٹ شائع کی جائے گی۔اس کے بعد 24 اگست سے 23 ستمبر تک شہری ابتدائی ووٹر لسٹ پر اپنے اعتراضات اور دعوے داخل کر سکیں گے۔ موصول ہونے والی تمام درخواستوں کی جانچ، سماعت اور فیصلہ 22 اکتوبر تک مکمل کیا جائے گا۔ تمام ضروری اصلاحات کے بعد 27 اکتوبر 2026 کو حتمی ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جن افراد کا نام ابھی تک ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہے، یا جنہیں اپنے نام، پتے یا دیگر تفصیلات میں ترمیم کرانی ہے، وہ اس توسیع شدہ مدت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقررہ وقت میں ضروری کارروائی مکمل کریں۔کمیشن نے یہ انتباہ بھی دیا ہے کہ ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے، ترمیم کرانے یا نام حذف کرانے کے لیے درخواست دیتے وقت اگر کوئی شخص غلط معلومات فراہم کرتا ہے یا جھوٹا حلف نامہ جمع کراتا ہے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔



