ناندیڑ:ضلع پریشد ٹیچر نےاپنے بچوں سمیت خودکشی کرلی

ناندیڑ: 17؍جولائی:ناندیڑ ضلع کےحمایت نگر تعلقہ میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ضلع پریشد اسکول کے استاد سنیل نارائن مورے نے مبینہ طور پر گٹ شکشن ادھیکاری (بلاک ایجوکیشن آفیسر) کی جانب سے مسلسل ہراسانی سے تنگ آکر اپنے دو بچوں سمیت خودکشی کر لی۔اطلاعات کے مطابق، جمعہ کی صبح سنیل مورے اپنے دونوں بچوں، بیٹی سارا اور بیٹے سمیت کو ٹیوشن چھوڑنے کے بہانے گھر سے کار میں لے کر نکلے۔ بعد ازاں مدکھیڑ تعلقہ کے آمدورا کے مقام پر دریائے گوداوری کے پل سے انہوں نے اپنی کار دریا میں اتار دی، جس کے نتیجے میں تینوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔بتایا جاتا ہے کہ خودکشی سے قبل سنیل مورے نے اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر ایک پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے حمایت نگر کے گٹ شکشن ادھیکاری کی جانب سے مبینہ ذہنی ہراسانی کو اس انتہائی قدم کی وجہ قرار دیا۔اس افسوسناک واقعے سے پورے ناندیڑ ضلع میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ واٹس ایپ اسٹیٹس سمیت دیگر شواہد کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔



