مدینہ میں المناک سڑک حادثہ،حیدرآباد کے کم از کم 42 عمرہ زائرین جاں بحق

مدینہ منورہ:(ذرائع)17؍نومبر: سعودی عرب میں پیر کی صبح پیش آنے والے ایک دلخراش ٹریفک حادثے میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کم از کم 42 عمرہ زائرین کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق، عمرہ زائرین کی بس مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جاتے ہوئے راستے میں ایک ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور بڑی تعداد میں جانی نقصان ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بس میں موجود تمام مسافر جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے کا تعلق حیدرآباد سے تھا۔ یہ تمام زائرین مکہ میں اپنے مذہبی فرائض ادا کرنے کے بعد مدینہ کی زیارت کے لیے روانہ ہوئے تھے کہ یہ افسوسناک حادثہ پیش آگیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی تلنگانہ کے چیف منسٹر اے۔ ریونت ریڈی نے چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کو ہدایت دی کہ فوری طور پر مکمل تفصیلات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے مرکزی وزارتِ خارجہ اور سعودی حکام سے رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔چیف سکریٹری نے دہلی میں تلنگانہ کے ریزیڈنٹ کمشنر گورو اپّل کو زائرین کی فہرست جمع کرنے اور متاثرہ افراد کی شناخت کے عمل کو تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔کنٹرول روم قائم، ہیلپ لائن نمبرز جاری:متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد اور معلومات کی فراہمی کے لیے تلنگانہ سکریٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ لواحقین نیچے دیے گئے ہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں: 7997959754 / 9912919545 ۔ حادثے کے بعد علاقے میں غم اور سوگ کی فضا ہے جبکہ حکام سعودی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ واقعے کی مکمل تفصیلات اور متاثرین کے بارے میں مصدقہ معلومات حاصل کی جا سکیں۔بتایاجاتا ہے کہ مہلوکین حیدرآباد کے ملے پلی علاقہ کے ایک عمرہ ٹراویلس سے عمرہ کیلئے گئے تھے۔ادھرآل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے سعودی بس حادثے پر افسوس کااظہار کیا۔ انہوں نے ’ایکس‘پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ 42 عازمین مکہ سے مدینہ جا ہے تھے کہ بس میں آگ لگ گئی… میں مرکزی حکومت، خاص طور پر وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ لاشوں کو ہندوستان واپس لائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ زخمیوں کا مناسب علاج ہو۔وزیر اعظم کا سعودی عرب بس حادثے پر افسوس کا اظہار: وزیرِاعظم نریندر مودی نے پیر کے روز سعودی عرب کے مدینہ منورہ میں پیش آئے بس حادثے میں ہندوستانی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ مکہ معظمہ سے مدینہ منورہ جا رہی زائرین کی بس ایک ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 42 افراد ہلاک ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر مہلوکین کا تعلق تلنگانہ سے ہے۔وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ‘میری ہمدردی متوفیوں کے کنبے کے ساتھ ہے، جنہوں نے اپنے عزیز کھو دیے، میں تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا کرتا ہوں’۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ حادثہ پیش آیا، بس مکہ سے مدینہ جا رہی تھی، رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت زیادہ تر مسافر سو رہے تھے۔



