مضامین

رشوت کا لینا اور دینا دونوں حرام ہیں-۶

پٹواری کاداخل خارج کرنے کی اجرت لینا
سوال:(۱۳۸۵) ایک پٹواری کے پاس ایک زمین دار آیا اور کہاکہ میری زمین کا داخل خارج کردو، اس نے کردی، مگر زمین دار سےکچھ اجرت مقرر نہیں کی، زمین دار نے ایک سوروپیہ پٹواری کو دیا، یاپٹواری نےپہلے اجرت مقر ر کرلی تو ان دونوں صورتوں میں یہ رشوت ہوگی یا کچھ فرق ہے؟( ۲۶۴/ ۱۳۴۵ھ)
الجواب: ان دونوں صورتوں میں کچھ فرق نہیں ہے، رشوت ہے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
ماتحتوں کاحکام کو کچھ دینا رشوت ہے
سوال:(۱۳۸۶) رشوت کی کیا تعریف ہے؟ حکام کو جو ان کے ماتحت رشوت دیتے ہیں اس کا لیناجائز ہے یانہیں؟(۱۵۵۴/۱۳۴۵ھ)
الجواب: رشوت کی تعریف شامی میں یہ لکھی ہے: الرّشوۃ: مایعطیہ الشخصُ الحاکمَ وغیَرہ لِیَحْکم لہ أو لِیَحْمِلہ علی مایُرِید(۱) پس معلوم ہوا کہ حکام کو جو کچھ نہ خواستۂ دل ان کے ماتحت دیں وہ رشوت ہے اور حرام ہے ۔فقط واللہ تعالیٰ اعلم
ووٹ دینے پر روپیہ لینا دینا رشوت ہے
سوال:(۱۳۸۷)ووٹروں کوووٹ دینے پرروپیہ لینا اور ان کو دیناجائز ہے یا بہ حکم رشوت ہے؟(۱۰۰۵/۱۳۴۵ھ)
الجواب: ووٹ پر روپیہ دینالینا جائز نہیں ہے اور یہ رشوت کے حکم میں ہے۔ فقط واللہ اعلم
رشوت لینے والے سے تعلق رکھنا اور اس کا کھاناکھانا
سوال:(۱۳۸۸) رشوت لینا علانیہ حق خیال کرکے جائز ہے یانہیں؟ اور رشوت لینے والے سے تعلق رکھنا اور اس کا کھانا کھانا جائز ہے یانہیں؟((۳۶۶/۱۳۴۷ھ)
الجواب: رشوت لینا حرام ہے اور اس کو اپنا حق سمجھنا غلط ہے، اور رشوت لینے والے کے پاس اگر دوسری آمدنی حلال بھی ہے مثلاً تنخواہ وغیرہ تواس کا کھانا کھانا درست ہے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم۔۔۔[فتاویٰ دارالعلوم دیوبند،جلد نمبر۱۷]۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button