واجے گاؤں موٹرسائیکل واقعہ:ایس پی ابیناش کمار کی امن میٹنگ

ناندیڑ:(تہلکہ نیوز)25؍مارچ:گزشتہ دنوں ناندیڑ کے واجے گاؤں میں عید الفطر کے دن پیش آنے والے واقعے (موٹر سائیکل دھماکے) کے تناظر میں شہر میں امن و امان بحال رکھنے کے لیے پولیس انتظامیہ مسلسل متحرک ہے۔ عوام میں اعتماد بحال کرنے اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کے مقصد سے آج ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) مسٹر ابیناش کمار اور دیہی پولیس اسٹیشن کے پی آئی اوما کانت چنچولی کر نے واجے گاؤں کی محمدیہ مسجد میں مقامی معززین اور سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ایک انتہائی اہم نشست منعقد کی۔اس موقع پر پولیس انتظامیہ نے عیدگاہ کے قریب پیش آنے والے واقعے کی حقیقی صورتحال کو عوام کے سامنے واضح کیا۔ ایس پی ابیناش کمار نے تمام شہریوں سے پرزور اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا یا کسی اور ذرائع سے پھیلنے والی افواہوں پر بالکل توجہ نہ دیں۔ انہوں نے شہر میں قانون و انتظام اور آپسی بھائی چارے کو برقرار رکھنے کے لیے تمام طبقات سے مکمل تعاون کی درخواست کی۔اس اہم مشاورتی میٹنگ میں سیاسی اور سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ جن میں خصوصی طور پر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) کے سینئر رہنما سید معین صاحب، مرزا امجد بیگ، شمیم عبداللہ، کانگریس کے کارپوریٹر عبد الغفار، جمیل سرپنچ، ماجد پٹھان، شاہد بھائی، مولابھائی، محبوب بھائی اور شادول بھائی سمیت واجے گاؤں کے متعدد مقامی ذمہ داران اور معززین موجود تھے۔مقامی رہنماؤں اور عوام نے پولیس کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انتظامیہ اور عوام کی جانب سے کی جانے والی یہ مشترکہ کوشش شہر میں امن، رواداری اور باہمی اعتماد کا ماحول پیدا کرنے کے لیے انتہائی قابلِ ستائش اقدام مانی جا رہی ہے۔



