ناندیڑ: MAH-B.Ed CET امتحان میں بدنظمی،طلبہ کا احتجاج

ناندیڑ:27؍مارچ: شہر کے اقرا انٹرنیشنل اسکول امتحانی مرکز پر جمعہ (27 مارچ 2026) کو MAH-B.Ed CET-2026 امتحان کے دوران انتظامی بدانتظامی کا بڑا معاملہ سامنے آیا۔ مرکز کی نشستوں کی گنجائش صرف 300 تھی، لیکن ایک ہی وقت میں تقریباً 600 طلبہ کو طلب کر لیا گیا، جس کے باعث آدھے طلبہ امتحان دینے سے محروم رہ گئے۔ اس واقعہ پر مشتعل طلبہ نے امتحانی مرکز کی انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے دوبارہ امتحان لینے کا مطالبہ کیا۔امتحان کا وقت صبح 11 بجے سے 12:30 بجے تک مقرر تھا، مگر متعدد تکنیکی خرابیوں کے باعث امتحان وقت پر شروع نہ ہو سکا۔ آن لائن امتحان کے لیے درکار نیٹ ورک سہولت مرکز پر مکمل طور پر ناکافی تھی۔ کئی طلبہ نے بتایا کہ ایک دو سوال حل کرنے کے بعد ہی سرور ڈاؤن ہو گیا، جس کے بعد انہیں باہر انتظار کرنا پڑا۔ گنجائش سے زیادہ بھیڑ اور تکنیکی مسائل کی وجہ سے طلبہ میں شدید بے چینی اور گھبراہٹ پھیل گئی۔صرف تکنیکی خرابیاں ہی نہیں بلکہ ہال ٹکٹ کی جانچ اور شناختی تصدیق کے لیے بھی مناسب انتظام نہیں تھا۔ شناختی عمل میں تاخیر کے باعث قیمتی وقت ضائع ہونے کی شکایت طلبہ نے کی۔ناندیڑ میں امتحانی مرکز پر بدنظمی کے خلاف طلبہ نے جائے وقوعہ پر انتظامیہ کے خلاف زوردار نعرے بازی کی۔ طلبہ کا مطالبہ تھا کہ امتحان فوری طور پر دوبارہ لیا جائے اور جن طلبہ کا نقصان ہوا ہے اس کا ازالہ کیا جائے۔ کچھ والدین بھی مرکز کے باہر موجود رہے اور انتظامیہ کے خلاف اپنا احتجاج درج کرایا۔



