ناندیڑ: میڈیکل اسٹور سے ایکسپائرگولیوں کی فروخت، محکمہ خوراک و ادویات نے کیا مال ضبط

ناندیڑ:(تہلکہ نیوزبیورو):15؍جون: شہر کے ڈاکٹر لین علاقے میں واقع توشنی وال میڈیکل اسٹور پرایکسپائر گولیوں کی فروخت کا معاملہ سامنے آنے کے بعد محکمہ خوراک و ادویات (فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن) نے کارروائی کرتے ہوئے گولیوں کا ذخیرہ ضبط کر لیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ایک شہری نے اپنے والد کے لیے مذکورہ میڈیکل اسٹور سے شوگر کی دوائیں خریدی تھیں، لیکن گھر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ ان دواؤں کی معیاد سال 2025 میں ہی ختم ہو چکی ہے۔ اس سنگین معاملے پر شہری نے براہِ راست محکمہ خوراک و ادویات کے دفتر کو ای میل کے ذریعے شکایت درج کرائی۔شکایت موصول ہونے کے بعد محکمہ کے مقامی حکام نے اچانک میڈیکل اسٹور کا معائنہ کیا۔ جانچ کے دوران مبینہ طور پر ایکساپئر گولیاں برآمد ہوئیں، جنہیں ضبط کر لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ اس معاملے میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے کمشنر تکارام منڈھے کی تقرری کے بعد ریاست بھر میں ملاوٹ، غیر معیاری اشیا اور میڈیکل اسٹوروں کی سخت جانچ مہم تیز کر دی گئی ہے، جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ناندیڑ میں پیش آنے والایہ واقعہ بھی اسی مہم کا حصہ بتایا جا رہا ہے۔



