مضامین

سلام، مصافحہ اور معانقہ کے آداب-۶

غیر مسلم کوسلام کرنا اور اس کے سلام کا جواب دینا
سوال:(۱۴۴۷) حاکم مسلمان ہو یا مشرک، سلام کس طرح کریں؟ اور اگر مشرک مسلمان کو السلام علیکم کہے تو کیا جواب دے؟ (۱۹۵۲/۳۲-۱۳۳۳ھ)
الجواب:مسلمان حاکم کو زبان سے سلام کریں اور مشرک کے لیے صرف ہاتھ اٹھالیوے، یا ھَدَاکَ اللہ کہے(۱) فقط
سوال: (۱۴۴۸)…(الف) حاکم وقت نصاریٰ اور ہندو کوسلام کرنا جائز ہے یانہیں؟
(ب) کفار یعنی چمار وغیرہ کوسلام کرناجائز ہے یانہیں ؟ اور کس طرح کرنا چاہیے؟
(۶۴۷/۳۳-۱۳۳۴ھ)
الجواب: (الف) درمختار میں ہے کہ اگر کفار کوسلام کرنے کی ضرورت ہوتو سلام کرنا ان کو جائز ہے۔ ویسلم المسلم علیٰ اھل الدّمّۃ لولہ حاجۃ الیہ والّاکُرہ الخ(۲)
(ب) اس کا جواب بھی وہی ہے جو (الف) میں گزرا، یعنی اگرکوئی ضرورت ہوتوسلام کرے ورنہ نہ کرے، اور شرح شرعۃ الاسلام میں ہے کہ ہندوؤں کو اگرسلام کرے تو اس طرح کرے۔وَالسَّلَامُ عَلَىٰ مَنِ اتَّبَعَ الْهُدَىٰ (۳) فقط واللہ تعالیٰ اعلم
سوال:(۱۴۴۹)…(الف) اگرحاکم کافر ہے اور اس کے پاس جانے کی ضرورت پیش ہوتو اس کو سلام کس طرح کرناچاہیے؟
(ب) اگرکوئی کافر سلام یا بندگی کرے تو اس کو جواب دینے کاکیا طریقہ ہے؟ (۷۴۲/ ۱۳۳۷ھ)
الجواب: (الف) حاجت اورضرورت کے وقت سلام کرناکتب فقہ میں جائز لکھاہے(۱) ایسی صورت میں اگر زبان سے لفظ سلام اداکرے تو جائز ہوگا لیکن اگرہاتھ سے سلام کرنے کا رواج ہوتو اس میں اوربھی زیادہ تخفیف ہے۔
(ب) کافر کے سلام کے جواب میں فقط وَعَلَیْکَ کہاجائے یاضرورت کے موقع میں اگر لفظ سلام کابھی کہہ دے تو کچھ مضائقہ نہیں ہے، جیسا ضرورت کے وقت فقہاء نےسلام کرنے کی اجازت دی ہے، یہاں بھی لفظ سلام کہہ دے تو کچھ حرج نہیں ہے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
سوال:(۱۴۵۰) اگر کسی حاکم انگریز یا ہندو یا کسی اور مخالف اسلام حاکم کو ہاتھ کے اشارے سے سلام کردیاجاوے توگناہ تونہیں؟(۲۷۰/۱۳۳۵ھ)
الجواب: بہ ضرورت درست ہے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
سوال: (۱۴۵۱) مسلمان سے اگر کافر ملے تو مسلمان کو اس سے کس طریق سے ملنا چاہیے؟ اگر کافر پہلے السلام علیکم کہہ دیں تو اس کو کیا جواب دیاجائے؟(۶۰۷/۱۳۳۸ھ)
الجواب: درمختار میں ہے: فلا یسلّم ابتداءً علیٰ کافر لحدیث:لَا تَبْدَؤُوا الْيَهُودَ وَالنَّصَارَى بِالسَّلَامِ الخ(۲) اوریہ بھی درمختار میں ہے کہ اگر کفار کی طرف کچھ حاجت ہوتوبہ ضرورت ان کو سلام کرنادرست ہے(۳) اور اگر کافر السلام علیکم کہے تو جواب میں وعلیکم کہہ دے ، یا یھدیکم اللہ کہہ دے (۴) فقط واللہ تعالیٰ اعلم
سوال:(۱۴۵۲) غیرمذہب والوں کوسلام کرنا کیساہے؟ اور طریقہ سلام کرنے کاکیا ہے؟
(۸۴۷/۱۳۴۳ھ)
الجواب: غیر مذہب والوں کے لیے طریقہ سلام کا یہ ہے کہ اگروہ سلام کریں تو ان کے جواب میں کہے ھَدَاکَ اللہ اور اگرسلام کالفظ بھی بہ ضرورت کہے تو درست ہے اور ابتداء بالسلام بھی بہ ضرورت جائز ہے۔ درمختار(۱) فقط واللہ تعالیٰ اعلم
[فتاویٰ دارالعلوم دیوبند، جلد نمبر۱۷]۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button