تازہ ترینناندیڑ

ناندیڑ میں نوجوان کے بہیمانہ قتل کی واردات!

ناندیڑ:(حیدرعلی)27؍نومبر: شہر کے اتوارہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع قدیم گنج علاقے میں آج  جمعرات کی شام ایک دل دہلا دینے والاواقعہ پیش آیا، جہاں 25 سالہ نوجوان کا بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ مقتول کی شناخت سکشم تاٹے کے طور پر ہوئی ہے، جسےمبینہ طورپر اس کے ہی دوست اور ہسٹری شیٹر ہمیش مامیڑوار نے گولی مار کر اور پتھر سے کچل کر ہلاک کیا۔ پولیس ذرائع سے ملی معلومات کے مطابق، یہ واقعہ قدیم گنج میں واقع ’پہلوان ٹی ہاؤس‘ کے پچھلی گلی میں پیش آیا۔ شام کے وقت سکشم تاٹے وہاں بیٹھا ہوا تھا کہ ملزم ہمیش مامیڈوار اپنے ایک ساتھی کے ساتھ وہاں پہنچا۔ ہمیش نے پہلے سکشم کے سینے میں گولی ماری اور اس کے بعد پتھر سے سر کچل کر اس کا قتل کر دیا۔ ابتدائی تفتیش میں قتل کی وجہ ’’محبت کے تعلقات” بتائی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول سکشم تاٹے کے ملزم ہمیش کی بہن کے ساتھ مبینہ طور پر تعلقات تھے اور وہ اس سے بات چیت کرتا تھا۔ اسی بات کی رنجش میں ہمیش نے اپنے دوست کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ قابل ذکر ہے کہ مقتول سکشم اور ملزم ہمیش دونوں پہلے گہرے دوست تھے اور دونوں کا مجرمانہ ریکارڈ بھی ہے۔ دونوں کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں کئی سنگین مقدمات درج ہیں اور دونوں پر ایم پی ڈی اے (MPDA) کے تحت کارروائی بھی ہو چکی ہے۔ مقتول سکشم ڈیڑھ ماہ قبل ہی ضمانت پر جیل سے باہر آیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اتوارہ پولیس موقع پر پہنچی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس فی الحال اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ اس قتل کی سازش میں کل کتنے افراد شامل تھے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button