Uncategorized

مَضَامینِ رَمضَانُ المُبَارک:فضائل ومسائل-۹

ابوہریرہؓ نے حضور اکرمﷺ سے نقل کیا کہ میری امت کو رمضان شریف کے بارے میں پانچ چیزیں مخصوص طورپردی گئی ہیں جو پہلی امتوں کو نہیں ملی ہیں (۱) یہ کہ ان کے منہ کی بدبو اللہ کے نزدیک مشک سے زیادہ پسندیدہ ہے۔ (۲) یہ کہ ان کے لئے دریا کی مچھلیاں تک دعا کرتی ہیں اورافطار کے وقت تک کرتی رہتی ہیں (۳) جنت ہرروز ان کے لیے آراستہ کی جاتی ہے پھر حق تعالیٰ شانہ فرماتے ہیں کہ قریب ہے کہ میرے نیک بندے (دنیاکی) مشقتیں اپنے اوپر سے پھینک کرتیری طرف آویں (۴) اس میں سرکش شیاطین قید کردئے جاتے ہیں کہ وہ رمضان میں ان بُرائیوں کی طرف نہیں پہنچ سکتے جن کی طرف غیر رمضان میں پہنچ سکتے ہیں (۵) رمضان کی آخری رات میں روزہ داروں کے لیے مغفرت کی جاتی ہے صحابہؓ نے عرض کیا کہ یہ شب مغفرت شب قدر ہے ۔ فرمایا نہیں بلکہ دستور یہ ہے کہ مزدور کو کام ختم ہونے کے وقت مزدوری دیدی جاتی ہے۔‘‘
نبی کریم ﷺنے اس حدیث پاک میں پانچ خصوصیتیں ارشاد فرمائی ہیں جو اس امت کے لئے حق تعالیٰ شانہ کی طرف سے مخصوص انعام ہوئی اور پہلی امت کے روزہ داروں کو مرحمت نہیں ہوئی ، کاش ہمیں اس نعمت کی قدر ہوتی۔ اور ان خصوصی عطایا کے حصول کی کوشش کرتے۔
اول یہ کہ روزہ دار کے منہ کی بدبو جو بھوک کی حالت میں ہوجاتی ہے حق تعالیٰ شانہ کے نزدیک مشک سے بھی زیادہ پسندیدہ ہے۔ شراح حدیث کے اس لفظ کے مطلب میں آٹھ قول ہیں جن کو موطاء کی شرح میں بندہ مفصل نقل کرچکا ہے، مگر بندہ کے نزدیک ان میں سے تین قول راجح ہیں۔ اول یہ کہ حق تعالیٰ شانہ آخرت میں اس بدبو کا بدلہ اور ثواب خوشبو سے عطا فرمائیں گے جو مشک سے زیادہ عمدہ اور دماغ پرور ہوگی یہ مطلب توظاہر ہے اور اس میں کچھ بُعد بھی نہیں نیز در منشور کی ایک روایت میں اس کی تصریح بھی ہے اس لیے یہ بمنزلہ متعین کے ہے۔ دوسرا قول یہ ہے کہ قیامت میں جب قبروں سے اٹھیں گے تویہ علامت ہوگی کہ روزہ دار کے منہ سے ایک خوشبو جو مشک سے بھی بہتر ہوگی وہ آئے گی۔ تیسرا مطلب جو بندہ کی ناقص رائے میں ان دونوں سے اچھا ہے وہ یہ کہ دنیاہی میں اللہ کے نزدیک اس بو کی قدر مشک کی خوشبو سے زیادہ پسندیدہ ہے اور یہ امر باب المحبت سے ہے جس کو کسی سے محبت وتعلق ہوتاہے اس کی بدبوبھی فریفتہ کے لئے ہزارخوشبؤں سے بہتر ہواکرتی ہے۔
فضائل رمضان المبارک ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔جاری ہے ان شاء اللہ تعالیٰ

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button