Uncategorized

مکروہ اور مُباح امور کابیان-۸

حرام آمدنی سے پلے ہوئے بیل اور اس کی کاشت کا حکم
سوال:(۴۳)مسلمان رنڈی نے اپنی ناجائز آمدنی سے ایک بچھڑا پالاپھر اس کو ایک کافر نے اس رنڈی سے خرید لیا، بعدہ ایک مسلمان کے ہاتھ فروخت کردیا،اس صورت میں اس بیل کے ذریعہ سے جو کاشت وغیرہ کی آمدنی اس مسلمان کو ہوگی وہ پاک ہے یا نہیں؟ اور اس کاگوشت کھانا جائز ہے یانہیں؟
(۱۵۴/۳۳-۱۳۳۴ھ)
الجواب: وہ آمدنی حلال اور پاک ہے اور اس بیل کا گوشت کھانا بعد ذبح شرعی کے درست ہے۔ فقط
کھیس کھانا درست ہے
سوال:(۴۴) گائے بھینس ،بکری کی پیوسی(۱) کھانا جائز ہے یانہیں؟ کھانے کی ترکیب یہ ہے کہ بچہ ہونے کے بعد اس کا دودھ نکال کر اس دودھ کو مٹھائی میں ملاکر پکاکرکھاتے ہیں، ہمارے یہاں اس کو انڈری کہتے ہیں۔(۹۰۱/۱۳۳۵ھ)
الجواب: اس کو یہاں کھیس(۱) کہتے ہیں، کھانا اس کا بلاکراہت درست ہے۔ فقط
سوال:(۴۵) گائے بھینس وغیرہ کے جب بچہ ہوتاہے تواول بجائے دودھ کے کھیس ہوتاہے، اس کا کھانا جائز ہے یانہیں؟(۹۴/۱۳۳۸ھ)
الجواب: جائز ہے۔ فقط
سوال:(۴۶) جب گائے بھینس بچہ دیتی ہے تو دوتین یوم تک پیوسی رہتاہے، اس کا کھانا جائز ہے یامکروہ ؟(۲۶۴۰/۱۳۴۱ھ)
الجواب: یہاں اس کوکھیس کہتے ہیں کھانا اس کا بلاکراہت جائز ہے۔
جائفل، جاوتّری، زعفران ، مشک، الائچی اور عنبر کھانا حلال ہے
سوال: (۴۷) جائفل وجاوتری وزعفران ومشک والائچی وعنبر کھانا حلال ہے یانہیں؟(۳۳/۱۳۳۵ھ)
الجواب: جائفل وجاوتری وزعفران وغیرہ سب حلال ہیں، درالمختار میں زعفران وجائفل وغیرہ کوکھانا حلال لکھاہے حرام نہیں لکھا، زعفران ہرقسم کی حلال ہے۔ (۱) فقط واللہ تعالیٰ اعلم
افیون اور خشخاش کاحکم
سوال:(۴۸) افیون اور خشخاش حلال ہیں یاحرام؟ مع حوالہ تحریر فرمائیں۔(۲۷۹۸/۱۳۴۳ھ)
الجواب:افیون جب کہ حد سکر کو پہنچ جائے توبہ اتفاق حرام ہے۔ لأن کل مسکرحرام (۲) شامی میں ہے: کالبنج والأ فیون فلایحرم قلیلھا بل کثیرھا المسکر۔۔۔۔إلی أن قال۔۔۔ أمّا الجامدات فلایحرم منھا إلا الکثیر المسکر (۳) علی ہٰذا پوست (خشخاش)اگرحدسکر کونہ پہنچے تو حلال ہے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
(فتاویٰ دارالعلوم دیوبند، جلد نمبر۱۶)۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!