
ناندیڑ(حیدرعلی)5ڈسمبر:دیگلورناکہ پر اُردو گھر کے سامنے واقع سرکاری جانوروں کے اسپتال کے پاس خالی احاطے میں آج صبح ایک نوجوان کی لاش برآمد ہونے سے علاقے میں کھلبلی مچ گئی۔ اندازاً 20 سے 25 سال کی عمر کے اس نوجوان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔اتوارہ پولیس کے مطابق لاش کے پاس کوئی شناختی کارڈ یا کاغذات برآمد نہیں ہوئے۔نوجوان نے جینس پینٹ پہن رکھی تھی۔ اس کا ایک دانت ٹوٹا ہوا نظر آیا جبکہ دائیں آنکھ کے پاس چوٹ کے نشانات پائے گئے۔ اسی طرح اس کی شرٹ بھی پھٹی ہوئی تھی، جس کی وجہ سے واقعہ کے پسِ منظر میں کئی سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئے گی۔اس معاملہ میں اتوارہ پولیس اسٹیشن نے معاملہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔ نوجوان کی شناخت کے لیے عوام سے اپیل بھی کی گئی ہے۔ پولیس نے درخواست کی ہے کہ اگر کوئی شخص اس نوجوان کو پہچانتا ہو تو فوری طور پر اتوارہ پولیس اسٹیشن سے رابطہ کرے۔ مقامی ساکنان نے اس واقعہ کے بعد انتظامیہ کی توجہ علاقے کی سکیورٹی کی جانب مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پہلوان ٹی ہاؤس کے پاس ایک پولیس چوکی قائم کی جائے، کیونکہ اس علاقے میں آئے دن جرائم کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں کا ماننا ہے کہ اگر یہاں پولیس چوکی قائم کی جاتی ہے تو جرائم میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔



