پربھنی

سید اقبال بنے پربھنی کے میئر

پربھنی:(تہلکہ نیوز بیورو)12؍فروری:پر بھنی میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں کے لیے آج ہونے والی سیاسی کشمکش کا اختتام بالآخر مہا وکاس اگھاڑی کی جیت پر ہوا۔ اُدھو سینا کے امیدوار سید اقبال نے بی جے پی کے امیدوار کو 13 ووٹوں سے شکست دے کر میئر کا عہدہ حاصل کر لیا۔ جبکہ ڈپٹی میئر کے طور پر کانگریس کے سینئر کارپوریٹر گنیش دیشمکھ کا انتخاب طے پایا ہے۔میئر کے عہدے کے لیے ابتدا میں کئی امیدواروں نے نامزدگیاں داخل کی تھیں، تاہم آخری وقت میں کانگریس اور اُدھو سینا کے دیگر امیدواروں کی دستبرداری کے بعد مقابلہ سیدھا بی جے پی کے تِرُملہ کھلّارے اور اُدھو سینا کے سید اقبال کے درمیان رہ گیا۔ضلع کلکٹر و پیٹھاسین افسر سنجے سنگھ چوہان کی موجودگی میں ہونے والی ووٹنگ میں سید اقبال کو 39 ووٹ حاصل ہوئے، جبکہ بی جے پی کے امیدوار کھلّارے کو 26 ووٹوں پر اکتفا کرنا پڑا۔ قابلِ ذکر بات یہ رہی کہ این سی پی (اجیت پوار گروپ) کے کارپوریٹر اکشے دیشمکھ اور آزاد کارپوریٹر رضیہ بیگم نے بھی اُدھو سینا کے حق میں ووٹ دیا، جس سے مہا وکاس اگھاڑی کا پلڑا بھاری ہو گیا۔واضح رہے کہ سید اقبال پہلی مرتبہ کارپوریٹر منتخب ہوئے ہیں اور ان کے انتخاب کے ساتھ شہر کو قیادت میں ایک نیا چہرہ ملا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button