ناندیڑ پولیس کی زبردست کارروائی: ۸۴ ’پٹاخہ سائلنسرز‘ پر روڈ رولر چلا کر تباہ کر دیا گیا

ناندیڑ:(تہلکہ نیوز) ۲۳ مارچ: ناندیڑ شہر میں کچھ موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے کمپنی کے منظور شدہ سائلنسر کے بجائے تیز آواز والے اور دھماکہ خیز آواز نکالنے والے (موڈیفائیڈ) "پٹاخہ سائلنسر” لگا کر سڑکوں پر ہلڑ بازی کرنے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ اس عمل سے شہریوں کو صوتی آلودگی کی وجہ سے شدید تکلیف کا سامنا تھا اور امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو رہا تھا۔اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے ناندیڑ پولیس کی جانب سے ایک خصوصی مہم چلائی گئی۔ اس مہم کے دوران کل ۸۴ ایسی موٹر سائیکلیں پائی گئیں جن میں غیر قانونی طور پر تبدیلی کر کے سائلنسر لگائے گئے تھے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کمپنی کی طرف سے نامنظور شدہ ان ۸۴ سائلنسرز کو ضبط کیا اور متعلقہ گاڑیوں پر جرمانہ عائد کیا۔آج بتاریخ ۲۴ مارچ ۲۰۲۶ کو سہ پہر ۴:۰۰ سے ۴:۳۰ بجے کے درمیان مہاویر چوک، ناندیڑ میں ان تمام ضبط شدہ سائلنسرز کو سڑک پر رکھ کر ان پر روڈ رولر چلا کر انہیں تباہ کر دیا گیا۔پولیس انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی سائلنسر لگا کر صوتی آلودگی پھیلانے والے ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور مستقبل میں بھی یہ مہم جاری رہے گی۔ ناندیڑ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں صرف کمپنی کے معیارات کے مطابق سائلنسر استعمال کریں اور قانون کی پاسداری کریں۔یہ کارروائی ایس پی (پولیس سپرنٹنڈنٹ) ابیناش کمار اور ایڈیشنل ایس پی سورج گرو کی رہنمائی میں کی گئی۔ اس مہم میں ایس ڈی پی او رامیشور وینجنے، شیام پانے گاؤں کر، ایل سی بی کے پولیس انسپکٹر ادے کھنڈرائے، وزیر آباد پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر پرمیشور کدم اور سٹی ٹریفک برانچ کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر بھاگوت ناگرگوجے سمیت دیگر افسران اور ملازمین نے حصہ لیا۔



