ناندیڑ:مردم شماری کے کام میں مثالی کارکردگی پر معلّمہ محمدی عظمیٰ خان صاحبہ کو اعزاز

ناندیڑ (10جون 2026) : بھارت کی مردم شماری 2027 کے تحت جاری پہلے مرحلے کے ہاؤس لسٹنگ اور ہاؤسنگ سینسس میں غیر معمولی محنت، فرض شناسی اور مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ناندیڑ کے ممتاز تعلیمی ادارہ مدینتہ العلوم ہائی اسکول کی شمار کنندہ و معاون معلّمہ محمدی عظمیٰ خان محمد ذبیح اللہ خان کو ناندیڑ واگھالا شہر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مومینٹو اور توصیفی سند پیش کرکے نوازا گیا۔ یہ اعزاز میونسپل کارپوریشن کے معاون کمشنر و چارج آفیسر (مردم شماری) جناب راون سونسڑے کے دستِ مبارک سے عطا کیا گیا۔ چار سو سے زائد مکانات پر مشتمل وسیع ذمہ داری ہونے کے باوجود معلّمہ محمدی عظمیٰ خان صاحبہ نے مقررہ مدت کے اندر نہایت مستعدی، باریک بینی اور مکمل درستگی کے ساتھ بغیر کسی شکایت کے مردم شماری کا کام پایۂ تکمیل تک پہنچایا، جس پر متعلقہ انتظامیہ نے ان کی خصوصی ستائش کرتے ہوئے اسے مثالی کارکردگی قرار دیا۔ اس موقع پر مردم شماری دفتر کے سینئر کلرک شریکانت اِجّیپوار، آفس سپرنٹنڈنٹ گوپال توٹاواڑ، انچارج کلرک شبھم واگھمارے، تجاوزات محکمہ کے کلرک راہل سونکامبلے اور معاون معلم محمد صلاح الدین بھی موجود تھے۔ اس نمایاں کامیابی میں نظام العلوم اردو پرائمری اسکول کے ہیڈ ماسٹر اور مردم شماری سپروائزر جناب محمد اکبر صاحب کی قیمتی رہنمائی، مسلسل حوصلہ افزائی اور مؤثر سرپرستی کو بھی بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جن کی رہنمائی نے اس قومی فریضے کی بہترین انجام دہی میں اہم کردار ادا کیا۔ معلّمہ محمدی عظمیٰ خان صاحبہ نے مردم شماری جیسے اہم قومی فریضے کو انتہائی ایمانداری، احساس ذمہ داری، محنت، نظم و ضبط اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ انجام دے کر نہ صرف مدینتہ العلوم ہائی اسکول بلکہ پورے تعلیمی شعبے کا وقار بلند کیا ہے، جس پر مدینتہ العلوم ہائی اسکول کی صدر معلّمہ صفیہ آصف خان صاحبہ اور تدریسی و غير تدریسی عملے نے معلّمہ محمدی عظمیٰ خان صاحبہ کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔



