
ناندیڑ :(نمائندہ)8؍اگست: آج صبح بافناعلاقہ میں ایک شخص کی نعش مشتبہ حالت میں پائے جانے بازگشت ابھی ختم بھی نہیں ہوئی تھی کہ دوپہر تک ایک اور نوجوان کے قتل کا چونکا دینے والا واقعہ سامنے آگیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق، سڈکو علاقے میں دودھ ڈیری کے قریب واقع دھنے گاؤں کر پٹرول پمپ پر دوپہر تقریباً 12 بجے چند افراد نے ایک نوجوان پر ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔ اس حملے میں چندن سنگھ باوری نامی نوجوان کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کا معائنہ کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا۔ حملہ آوروں کی تعداد کتنی تھی، انہوں نے کن ہتھیاروں کا استعمال کیا اور قتل کے پیچھے اصل وجہ کیا ہے؟ ان تمام سوالات کے جوابات پولیس تفتیش کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔دریں اثنا، جائے وقوعہ پر موجود بعض شہریوں کی جانب سے اس واقعہ کو گینگ وار کا حصہ قرار دیے جانے کی باتیں سامنے آرہی ہیں۔ حملہ آوروں کے کسی مخصوص گروہ سے تعلق کے حوالے سے بھی مختلف دعوے کیے جارہے ہیں، تاہم پولیس کی جانب سے فی الحال ان دعوؤں کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیلاب روہن بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ ناندیڑ دیہی پولیس کی جانب سے قانونی کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔



