مضامین

حضرت رسول اکرمﷺ کی چند خصوصیات کا ذکر-۳

آنحضرت ﷺ کی چند خصوصیات
اورحضرت جابر ؓ کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا: مجھے پانچ ایسی چیزیں عطا کی گئی ہیں جو مجھ سے پہلے کسی نبی ورسول کو عطا نہیں ہوئیں، ایک تو مجھ کو اس رعب کے ذریعہ نصرت عطا ہوئی ہےجو ایک مہینے کی مسافت کی دوری پر اثرانداز ہوتاہے، دوسرے ساری زمین کو میرے لئے مسجد اور پاک کرنے والی قرار دیاگیا، چنانچہ میری امت کا ہر شخص جہاں نماز کا وقت پائے نماز پڑھ لے، تیسرے میرے لئےمال غنیمت کوحلال قراردیاگیا جو مجھ سے پہلے کسی کےلئے حلا ل نہیں تھا، چوتھے مجھے شفاعت عظمی عامہ کے مرتبہ سے سرفراز فرمایاگیا اور پانچویں مجھ سےپہلے ہر نبی کو خاص طورپر اپنی ہی قوم کی طرف بھیجا جاتاتھا جب کہ مجھ کو روئے زمین کے تمام لوگوں کی طرف بھیجا گیا۔ (بخاری ومسلم)
اورحضرت ابوہریرہؓ کہتےہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا: مجھے چھ مخصوص چیزوں کے ذریعہ دوسرے انبیاء پر فضیلت دی گئی ہے(۱) مجھے جامع کلمات عطا ہوئے۔(۲) دشمنوں کے دل پر میرا رعب ڈالنے کے ذریعہ مجھے فتح ونصرت عطا فرمائی گئی۔ (۳) مال غنیمت میرے لئے حلال ہوا۔ (۴) ساری زمین کومیرے لئے مسجد اور پاک کرنے والی قراردیاگیا (۵) ساری مخلوق کے لئے مجھے نبی بناکر بھیجا گیا(۶)اورنبوت ورسالت کا سلسلہ مجھ پر ختم کیاگیا۔ (مسلم)
دنیا کے خزائن کی کنجیاں آنحضرتﷺ کے ہاتھ میں
[۱۱] وَعَنْهُ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ ﷺ قَالَ: بُعِثْتُ بِجَوَامِعِ الْكَلِمِ، وَنُصِرْتُ بِالرُّعْبِ، وَبَيْنَا أَنَا نَائِمٌ رَأَيْتُنِي أُتِيتُ بِمَفَاتِيحِ خَزَائِنِ الْأَرْضِ، فَوُضِعَتْ فِي يَدِي. (متفق علیہ)
اورحضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا: مجھے جامع کلمات کے ساتھ مبعوث کیاگیاہے، رعب کے ذریعہ مجھ کو نصرت عطا فرمائی گئی ہے اور جب کہ میں سویا ہوا تھا میں نے خواب میں دیکھا کہ زمین کے خزانوںکی کنجیاں مجھے دینے کے لئے لائی گئیں اور میرے سامنے پیش کردی گئیں۔ (بخاری ومسلم)
توضیح: ’’خزائن الارض‘‘یعنی دنیا کے خزانوںکی کنجیاں میرے ہاتھ میں رکھ دیں، اس کلام سے مقصود یہ ہے کہ یہ سارے علاقے فتح ہوں گے میرے متبعین صحابہ اور تابعین ان علاقوںکوفتح کرکے خزانے حاصل کریں گے، یا مطلب یہ ہے کہ ان مفتوحہ علاقوں کے معدنیات ان کوملیں گے چنانچہ یہ پیش گوئی سچی ثابت ہوئی اور مشرق ومغرب کےاکثر علاقے دور عمر ؓاور دور عثمانؓ میں اور اس کے بعد تابعین کے خلفاء کے ہاتھوںمیں آگئے، آج بھی معدنیات کے اکثر خزانے مسلمانوں کے ہاتھ میں ہیں اور اگر مسلمان حکمران جدوجہد کریں توسارے خزانےان کے ہاتھ میں آجائیں گے اور یہ مشرق ومغرب بلکہ پوری دنیا کے مالک بن جائیں گے۔ آنے والی روایت اور دیگر چند روایات کی تشریح وتوضیح بھی اسی طرح ہے۔
(جاری ۔۔۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ)

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button