ناندیڑ:بارانِ رحمت کے لیے 11 ستمبر کو نماز استسقاء

ناندیڑ:(تہلکہ نیوز)7؍ستمبر:رواں موسم برسات میں کم بارش کے باعث مہاراشٹر بالخصوص مراٹھواڑہ میں خشک سالی جیسے حالات پید اہورہے ہیں۔ ا س صورت حال کے پیش نظر ناندیڑ کے علماء کرام نے باران رحمت کیلئے خصوصی نماز (نماز استسقاء) کااہتمام کرنے کا فیصلہ کیاہے۔پیر کی سہ پہر ایک پریس کانفرنس میں اس تعلق سے معلومات دیتے ہوئے مولانا سعد عبداللہ ندوی اورمولانا محمدسرورقاسمی نے بتایا کہ جمعہ 11؍ستمبر کو سہ پہر ساڑھے تین بجے عیدگاہ قدوائی نگرناندیڑ میں نماز استسقاء کا اہتمام کیاجارہاہے۔ نماز کیلئے آنے والے حضرا ت سے کہاگیا ہے کہ وہ توبہ اور استغفار کثرت سے کریں اور گناہوں سے سچی توبہ کریں۔صدقہ وخیرات کریں۔ نماز کیلئے سادہ لباس میں عاجزی اور انکساری کے ساتھ آئیں، خوشبو نہ لگائیں۔ باجماعت نماز کیلئے جلد پہنچیں اور امام کی ہدایات پر عمل کریں۔ لڑائی، جھگڑے، شورشرابے اور غیرضروری گفتگو سے پرہیز کریں۔ اپنےدل میں اللہ تعالیٰ سے مکمل امید اور یقین رکھیں کہ وہ ہماری دعاقبول فرمائے گا۔ دل میں عاجزی ، بے بسی اور اللہ کی رحمت کی تڑپ لے کر عیدگاہ کی طرف پید ل نکلیں۔ بچوں اوربزرگوں کو حتیٰ کے جانوروں کو بھی ساتھ لانا مستحب ہے تاکہ مخلوق خدا کی بے بسی دیکھ کر اللہ کی رحمت جوش میں آئے۔ اپنے لیے جا نماز (مصلیٰ) ساتھ لائیں۔علماء کی جانب سے جوہدایات جاری کی گئی ہیں ان پر عمل کرتے ہوئے عوام سے کثیرتعداد میں اس میں شامل ہونے کی اپیل حضرت مولانا محمد سعد عبداللہ ندوی، مولاناسرورقاسمی، مولانا محمدطیب ندوی، مولانا محمد صدیق ندوی، قاضی محمدجاوید ابن صادق محی الدین ، ناندیڑ انفلوئنسرٹیم اورجمیع علماءوحفاظ کرام شہر ناندیڑ کی جانب سے کی گئی ہے۔



