مضامین

حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کے قبول اسلام کے واقعات

اسلام جعفر ابن ابی طالبؓ
ایک روز حضرت علیؓ،رسول اللہ ﷺ کے ساتھ مشغول عبادت تھے۔حضرت علی آپ کے دائیں جانب تھے اتفاق سے ابوطالب اُدھر سے گذرے جعفر بھی آپ کے ہمراہ تھے آپ کو جب نماز پڑھتے دیکھا تو جعفر سے مخاطب ہوکر کہا اے بیٹا تم بھی علی کی طرح اپنے چچازاد بھائی کے قوت بازو ہوجاؤ اور بائیں جانب کھڑے ہوکر ان کے ساتھ نمازمیں شامل ہوجاؤ۔ اسدالغابہ جلد ۱،صفحہ ۲۸۷، جعفرؓ سابقین اسلام میں سے ہیں۔ اکتیس یاپچیس صحابہ کےبعد مشرف باسلام ہوئے۔ اصابہ ،جلد۱، صفحہ ۲۳۷
اسلام عفیف کندی ؓ
عفیف کندی حضرت عباس کے دوست تھے عطر کی تجارت کرتے تھے۔ اسی سلسلۂ تجارت میں یمن بھی آمدورفت رہتی تھی۔ عفیف کندی فرماتے ہیں کہ ایک بار میں منٰی میں حضرت عباس کے ساتھ تھا کہ ایک شخص آیا اور اول نہایت عمدہ طریقہ سے وضوکیا اورپھر نماز کیلئے کھڑا ہوگیا۔ اس کے بعد ایک عورت آئی اس نے بھی اسی طرح وضو کی اور پھر نماز کیلئے کھڑی ہوگئی پھر ایک گیارہ سالہ لڑکا آیااس نے بھی وضو کی اور آپ کے برابر نماز کےلیے کھڑا ہوگیا میں نے عباس سے پوچھا یہ کیا دین ہے، حضرت عباس نے کہایہ میرے بھتیجے محمد رسول اللہ کا دین ہےجو یہ کہتے ہیں کہ اللہ نے ان کو رسول بناکر بھیجاہے اوریہ لڑکا علی بن ابی طالب بھی میرا بھتیجا ہے جو اس دین کاپیرو ہے اور یہ عورت محمدبن عبداللہ کی بیوی ہیں ۔ عفیف بعد میں مشرف باسلام ہوئے اوریہ کہاکرتے تھے کہ کاش میں چوتھا مسلمان ہوتا(عیون الاثر) قال ابن عبدالبر ہذا حدیث حسن جدا۔
حافظ ابن عبدالبرفرماتے ہیں کہ یہ حدیث نہایت عمدہ ہے اس کے حسن ہونے میں کوئی کلام نہیں۔ حافظ عسقلانی فرماتے ہیں کہ اس حدیث کوامام بخاری نے بھی اپنی تاریخ میں اور بغوی اور ابن مندہ نے بھی ذکرکیاہے۔ اس میں اس قدر اور زائد ہے کہ حضرۃ عباس نے یہ فرمایا کہ میرابھتیجا یہ بھی کہتاہے کہ قیصر وکسریٰ کے خزائن بھی اس پر فتح ہوں گے۔ اصابہ جلد ۲، صفحہ ۴۸۷ ترجمہ عفیف کندی۔[سیرۃ المصطفیٰ ﷺ،جلد ۱]

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button