قحط کی صورتحال: پانی بچانے کے لیےناندیڑ میونسپل کارپوریشن میں کمشنر کا جائزہ اجلاس

ناندیڑ:6؍اکتوبر:قحط کی صورتحال کے پیش نظر مہاراشٹر حکومت نے پانی کے ذخائر کو 31 اگست 2027 تک کفایت شعاری اور ترجیحی بنیادوں پر استعمال کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلے میںناندیڑ میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئی پھوڈے نے محکمہ فراہمیٔ آب کا جائزہ اجلاس طلب کیا۔کمشنر نے 16 اکتوبر سے پانی کی سپلائی میں کم از کم 10 فیصد کمی کے پیش نظر پانی کی بچت کا تفصیلی منصوبہ 7 دن میں پیش کرنے کی ہدایت دی۔ پائپ لائنوں کی لیکیج 8 دن میں دور کرنے، جاری سیمنٹ کنکریٹ کے کام 10 دن میں مکمل کرنے اور اس کے بعد نئے کاموں پر پابندی کی ہدایت بھی دی گئی۔پینے کے پانی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے کل ذخیرے کا کم از کم 10 فیصد ایمرجنسی اسٹاک کے طور پر محفوظ رکھا جائے گا۔ شہریوں سے بھی پانی کے ضیاع سے بچنے، گاڑیاں دھونے اور صفائی کے لیے پینے کا پانی استعمال نہ کرنے اور غیر قانونی کنکشن قانونی کروانے کی اپیل کی گئی ہے۔



