مضامین

رشوت کا لینا اور دینا دونوں حرام ہیں-۴

ریلوے ملازم کے شر سے بچنے کیلئے اس کو کچھ دینا
سوال:(۱۳۷۷)ریلوے ملازم مال کے دلاتے اور اتارتے اور چھوڑتے اور روانہ کرتے وقت دق کرتے ہیں اور نقصان پہنچاتے ہیں ، اور اگر ان کو کچھ دیاجاتاہے تو کام ہوجاتاہے اور نقصان بھی کم ہوتاہے، ایسی حالت میں ان کے شر سے بچنے کیلئے ان کودیناجائز ہے یا کیاحکم ہے؟(۶۸۲/۱۳۳۵ھ)
الجواب: ان کے ظلم اور شر سے بچنے کیلئے دینادرست ہے(۱)فقط واللہ تعالیٰ اعلم
رشوت کی رقم سے دوسرے شخص کاکاروبار کرنا
سوال:(۱۳۷۸) رشوت ایک دیگر شخص کی لی ہوئی رقم کابیوپار دوسرے شخص کے واسطے حرام ہے یانہیں؟(۷۵۹/۱۳۳۷ھ)
الجواب: رشوت کی رقم سب کے حق میں حرام ہے جس کویہ معلوم ہو کہ یہ رقم رشوت کی ہے، اس کو اس کاکام میںلانادرست نہیں ہے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
پولیس کوجو کچھ دیاجاتاہے وہ رشوت ہے
سوال:(۱۳۷۹) بندہ کا خالہ زاد بھائی ملازم پولیس ہے، وہ باہر دیہات سے کوئی نہ کوئی چیز لے آتاہے، اور کہتاہے کہ یہ رشوت کی نہیں ہے بلکہ بعض لوگوں کے ساتھ لحاظ ہے وہ لحاظاً دیتے ہیں؟ آیا ان چیزوں کا استعمال کرنا جائز ہے یانہیں؟(۲۱۶/۱۳۳۸ھ)
الجواب: یہ رشوت ہے۔ رشوت ہونے میں اس کے کیا تردد ہے؟ کیونکہ جوکوئی کچھ دیتا ہے ،ملازمت پولیس کے دباؤ سے دیتاہے، اوربہ موجب حکم حدیث شریف: ھلًا جلست فی بیت ابیک وأمک (۱)ظاہر ہے کہ اگر ملازمت نہ ہوتی توگھر بیٹھے کون کچھ دیتاہے؟ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
تحصیل دار کو اپنی رعایا سے کچھ لینا درست نہیں
سوال:(۱۳۸۰)۔۔۔۔(الف) میں سرکار کی طرف سے تحصیل دار مقرر کیاگیاہوں، یہاں دستور ہے کہ جب حاکم کسی نمبردار کے موضع میں جاتاہے تو وہ اس کو نذرانہ میں کچھ روپیہ دیتاہے، یہ رقم لینا جائز ہے یانہیں؟
(ب)اگرکچھ مجھ کو حاکم سمجھ کر محبت پیدا کرنے کے واسطے کوئی شئے مثلاً آٹا، چاول، دال، ترکاری وغیرہ بھیجیں تواس کا لینا کیساہے؟
(ج) اگرخاص خاص آدمی جوہمیشہ بلا اکراہ بہ خوشی اپنے یہاں سے کچھ چیزیں دیاکرتے ہیں اس کالینا کیساہے؟۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔(د) آم وغیرہ کالینا کیساہے؟
(ھ) اگرکوئی اسامی فصل کی چیز عمدہ سمجھ کر جنس غلہ وغیرہ دے تولینا چاہیے یانہیں؟
(۳۷۸/۱۳۳۹ھ)
الجواب:ان تمام صورت مذکورہ میں تحصیل دار، عہدہ دار سرکاری کوگاؤں والوں اور رعایا سے کچھ لینا درست نہیں ہے، یہ سب رشوت اورحرام ہے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
[فتاویٰ دارالعلوم دیوبند،جلد نمبر۱۷]۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button