
ناندیڑ:(تہلکہ نیوز )9 جولائی 2026:ہنگولی، ناندیڑ اور پربھنی اضلاع میں آج بروز9 جولائی 2026 علی الصبح 1:37، 2:15 اور 2:17 بجے زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس کی اطلاع ضلع ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو موصول ہوئی ہے۔سرکاری طور پر جاری کردہ معلومات کے مطابق، ریکٹر اسکیل پر ان زلزلوں کی شدت بالترتیب 4.6، 3.6 اور 3.9 درج کی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق زلزلے کا مرکزضلع ہنگولی کے تعلقہ بسمت کےشیرلی گاؤں میں تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان جھٹکوں کے باعث کسی قسم کےجانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔چونکہ یہ جھٹکے نصف شب کے بعد محسوس کیے گئے، اس وقت بیشتر لوگ سو رہے تھے۔ ایک کے بعد ایک متعدد جھٹکے محسوس ہونے کے باعث صبح تک مزید جھٹکوں کے امکان کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم، زلزلے کی پیشگی اطلاع دینا ممکن نہیں ہوتا، اس لیے شہری خوف و ہراس کا شکار ہونے کے بجائے احتیاط اور ہوشیاری سے کام لیں۔ضلع کلکٹر ناندیڑ جناب راہول کرڈیلے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر دوبارہ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوں تو فوراً گھروں سے باہر نکل کر کھلی اور محفوظ جگہ پر جمع ہو جائیں، افواہوں پر کان نہ دھریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔



