ماں باپ اور اولاد کے حقوق واحکام-۱۴

بیٹے کو گھر سے نکال دینا اور نان ونفقہ بند کردینا
سوال: (۱۰۳۰) ایک شخص نےا پنے لڑکے کوگھر سے نکال دیا اور نان ونفقہ بند کردیا، توباپ کی حین حیات میں وہ لڑکا باپ کے ترکہ سے کچھ لے سکتاہے یانہیں؟(۸۸۹/۳۳-۱۳۳۴ھ)
الجواب: باپ کی حیات میں بیٹے کو کچھ میراث ترکۂ جدی وپدری سے نہیں مل سکتی، باقی اگر لڑکا نابالغ ہویا بالغ محتاج ہوتوباپ کے ذمے ان کو نفقہ دیناضروری ہے، اگرباپ ان کونفقہ نہ دے گا گنہ گار ہوگا، اور اولاد بہ قدر نفقۂ واجبہ باپ کے مال میں سے لے سکتی ہے۔ (۱) فقط
والدین کو بالغ اولاد سے جبراً خدمت لینا درست ہے
سوال:(۱۰۳۱) والدین کو اولاد بالغ سے جبراً خدمت لینا درست ہے یانہیں؟(۴۶۵/۳۳-۱۳۳۴ھ)
الجواب: جائز ہے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
ماں باپ کے کہنے پر بے قصور بیوی کو طلاق دینا
سوال:(۱۰۳۲) اگروالدین پسر سے کہیں کہ اپنی زوجہ کو طلاق دیدے اور زوجہ کا کوئی قصور نہ ہو، اس صورت میں والدین کاحکم ماننا چاہیے یانہیں؟ اورحکم ماننے اورطلاق دینے میں کچھ گناہ تونہیں ہوگا؟(۲۹۳/۳۶-۱۳۳۸ھ)
الجواب: اگرکوئی محظور اور حرج اس میں لازم نہ آوے اور ماں باپ کاامر کسی وجہ شرعی سے ہوتو ان کی اطاعت کی وجہ سے طلاق دے دیوے(۲) لیکن اگربہ وجہ اپنے مصالح کے طلاق نہ دیوے تو گنہ گار نہ ہوگا(۱) فقط واللہ تعالیٰ اعلم
سوال:(۱۰۳۳) اگرباپ اپنے فرزند کوہدایت کرے کہ تواپنی عورت کو طلاق دیدے، اور وہ اس پر عمل نہ کرے تو باپ کو کیا کرنا چاہیے؟(۹۷۲/۱۳۳۸ھ)
الجواب: اگر عورت بے قصور ہے اوربیٹا مجبور ہے اپنی زوجہ کو علیحدہ نہیں کرسکتا تو بیٹے پر تعمیل واجب نہیں ہے(۲) فقط واللہ تعالیٰ اعلم
(فتاویٰ دارالعلوم دیوبند ،جلد ۱۶)۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ



